کراچی میں فائرنگ سے نجی ٹی وی کے صحافی جاں بحق

واقعے کے بعد نامعلوم ملزمان اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر دوسرے شہری سے بائیک چھین کرفرار ہوگئے


ویب ڈیسک February 18, 2022
واقعے کے بعد نامعلوم ملزمان اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر دوسرے شہری سے بائیک چھین کرفرار ہوگئے

کراچی: نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب گاڑی پرفائرنگ کے نتیجے میں نجی نیوز ٹی وی کے صحافی جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب گاڑی پرفائرنگ سے کار سوار جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والے کی شناخت اطہر متین کے نام سے ہوگئی ہے۔ مقتول نجی ٹی وی سے وابستہ تھے۔ مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

ایس پی گلبرگ طاہر نورانی کا کہنا ہے کہ بائیک سوار دو لڑکوں نے انہیں روکنے کی کوشش کی، لیکن کار سوار نے گاڑی ان کی بائیک سے ٹکرادی۔ اطہر متین کی گاڑی سے ٹکر انے کے بعد بائیک سوار گرگئے، جس کے بعد بائیک سوار نے اٹھ کر پستول سے ایک فائر کیا جو مقتول کے سینے میں لگا۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد بائیک سوار اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر دوسرے شہری سے بائیک چھین کرفرار ہوگئے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے صحافی اطہرمتین کے بہیمانہ قتل پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوگوارخاندان کے دکھ میں برابرکےشریک ہیں۔ ملزمان کوکیفرکردارتک پہنچانے کی ہرممکن کوشش کی جائے۔

 

تحقیقات کیلئے ڈی آئی جی ویسٹ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل

دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے اطہر متین کے قتل کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی ویسٹ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دیدی ہے۔

مختلف ٹی وی چینلز کے بیورو چیف سے ملاقات کے دوران ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ اور ایس ایس پی سینٹرل تحقیقاتی ٹیم کا حصہ ہوں گے، فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائیگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں