اس ٹڈے کا آدھا جسم ’’نر‘‘ اور آدھا جسم ’’مادہ‘‘ ہے

ماہرین نے بھی تصدیق کردی کہ یہ ٹڈا واقعی میں ’نر مادہ مکس‘ ہے


ویب ڈیسک February 19, 2022
ماہرین نے بھی تصدیق کردی کہ ’چارلی‘ نام کا یہ پالتو ٹڈا واقعی میں ایک طرف سے نر اور دوسری طرف سے مادہ ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

لاہو ر: پتلی چھڑی کی طرح دکھائی دینے والے اس کیڑے کا تعلق ٹڈوں کی ایک قسم سے ہے جو ڈائیفیروڈز جائیگینٹائی (Diapherodes gigantea) کہلاتی ہے۔ یہ ٹڈے عموماً جنگلوں میں پائے جاتے ہیں لیکن شوقین لوگ انہیں پالتے بھی ہیں۔

تصویر میں دکھایا گیا ٹڈا لارن گارفیلڈ نامی ایک برطانوی خاتون کا پالتو ہے جس کا نام انہوں نے 'چارلی' رکھا ہوا ہے۔

چارلی کچھ دن پہلے بالغ ہوا تو لارن اسے دیکھ کر حیران رہ گئیں کیونکہ اس کا جسم ایک طرف سے سبز اور دوسری جانب سے بھورا (براؤن) ہوچکا تھا۔

انہیں معلوم تھا کہ اس قسم کے ٹڈوں میں مادہ کی رنگت سبز جبکہ نر کی رنگت براؤن ہوتی ہے۔ یعنی بظاہر اس ٹڈے کا آدھا جسم نر اور باقی آدھا جسم مادہ ہے۔

اپنے خیال کی تصدیق کےلیے لارن نے فوری طور پر نیچرل ہسٹری میوزیم، لندن کے ماہرین سے رابطہ کیا۔

ماہرین نے بھی 'چارلی' کا معائنہ کرکے یہ تصدیق کردی کہ وہ واقعی میں ایک طرف سے نر اور دوسری طرف سے مادہ ہے۔

ویسے تو اب تک مختلف کیڑے مکوڑوں میں اس طرح کے آدھے نر اور آدھے مادہ والے نمونے ملتے رہے ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ جب 'ڈائیفیروڈز جائیگینٹائی' ٹڈوں میں 'نر مادہ مکس' نمونہ سامنے آیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں