معاشی ترقی کے لیے صنعتی شعبے کی ترقی نہایت ضروری ہے وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ملک میں صنعتی شعبے کی ترقی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا


ویب ڈیسک February 18, 2022
ملکی مینیوفیکچرنگ سیکٹر کا اس وقت جی ڈی پی 12.79فیصد ہے (فوٹو، فائل)

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملکی صنعتی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے، ملکی معاشی ترقی کیلئے صنعتی شعبے کی ترقی نہایت ضروری ہے.

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ملک میں صنعتی شعبے کی ترقی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں صنعتی شعبے کی موجودہ استعداد اور ترقی کے لیے مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں کورونا وبا کے باوجود صنعتی شعبے نے خاطر خواہ ترقی کی جس کی سب سے بڑی دلیل ٹیکسٹائل انڈسٹری کا اپنی مکمل استعداد پر کام کرنا ہے، تعمیراتی شعبے کی ترقی کیلئے حکومتی پیکیج کی بدولت ملک میں نہ صرف اقتصادی بہتری آئی بلکہ روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے میں مدد بھی ملی ہے۔

شرکا کو بتایا گیا کہ مینیوفیکچرنگ سیکٹر اس وقت جی ڈی پی کا 12.79 فیصد ہے جبکہ حکومت اسے بڑھا کر 25فیصد کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، مینیوفیکچرنگ سیکٹر کی ترقی سے ملک میں روزگار کی فراہمی اور مجموعی طور پر ملکی معاشی حالت کو بہتر کرنے میں معاونت حاصل ہوگی۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ حکومت نے صنعتوں کی موجودہ استعداد کو بڑھانے، یونٹس کو فعال کرنے، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پلانٹ اور مشینری میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے اور بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے جامع لائحہ عمل تیار کیا ہے، جس پر عملدرآمد ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے. اس کے علاوہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے، چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعت کی ترقی کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے صنعتوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ملکی صنعتی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعت کیلئے ملک میں پہلی مرتبہ ایس ایم ای پالیسی کا اجرا کیا گیا، کرونا وبا کے دوران حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی بدولت صنعتوں کا پہیہ چلتا رہا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء شوکت فیاض ترین، اسد عمر، خسرو بختیار، حماد اظہر، گرورنر اسٹیٹ بنک رضا باقر اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں