انڈر 19 ورلڈ کپ پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو ہراکر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

پاکستان کے ہدف 309 رنز کے تعاقب میں پوری اسکاٹش ٹیم 40 ویں اوورز میں 162 رنز پرہی ڈھیر ہوگئی


/APP February 19, 2014
پاکستان کے كرامت علی نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی انڈر 19 كركٹ ورلڈ كپ میں پاكستان نے اسكاٹ لینڈ كو باآسانی 146 رنز كے بھاری مارجن سے شكست دے كر كوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

دبئی میں كھیلے گئے گروپ ''اے'' كے میچ میں پاكستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ كرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وكٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے، امام الحق نے عمدہ بیٹنگ كا مظاہرہ كرتے ہوئے حریف باؤلرز كی خوب دھنائی كی اور 133 کی اننگز کھیل کر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ حسن رضا 57 رنز بنا كر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، دیگر کھلاڑیوں میں سعود شكیل 40، كامران غلام 34، ظفر گوہر 9، سیف اللہ خان 12 اور كپتان سمیع اسلم 3 رنز بنا كر آؤٹ ہوئے، اسکاٹ لینڈ کی جانب سے كرس سول نے 3 اور گیون مین نے 2 كھلاڑیوں كو آؤٹ كیا۔

اسکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 309 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 40 ویں اوور میں 162 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ اینڈریو امیڈ كے علاوہ اسكاٹش ٹیم كا كوئی بھی كھلاڑی گرین شرٹس كے باؤلرز كا مقابلہ نہ كرسكا اور وہ 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ 7 كھلاڑی تو دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکے، پاکستان کے كرامت علی نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی جبکہ عماد بٹ نے 2، ضیا الحق، ظفر گوہر اور سعود شكیل نے ایک، ایک وكٹ حاصل كی۔ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر امام الحق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں