سپریم کورٹ کا اداکارہ صوفیہ مرزا کی بچیوں کو امارات سے واپس لانے کا عمل تیز کرنے کا حکم

یو اے ای حکام کو اعتماد میں لے کر ہی بچیوں کو واپس لایا جاسکتا ہے، سیکریٹری خارجہ

یو اے ای حکام کو اعتماد میں لے کر ہی بچیوں کو واپس لایا جاسکتا ہے، سیکریٹری خارجہ (فوٹو : فائل)

کراچی:
سپریم کورٹ نے اداکارہ صوفیہ مرزا کی بچیوں کو عجمان سے واپس لانے کا عمل تیز کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں اداکارہ صوفیہ مرزا کی بچیوں کی بیرون ملک اسمگلنگ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے وزارت خارجہ کو ملزم عمر فاروق اور بچیوں کی پاکستان واپسی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے بچیوں کی واپسی کے لیے یو اے ای حکام سے روابط کے لیے سیکریٹری خارجہ کو قابل افسر کے ذریعے معاونت کی ہدایت بھی دی۔

جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ ملزم نے بچیوں کی حوالگی کے حوالے سے عجمان کی مقامی عدالت سے فیصلہ لے رکھا ہے، مقامی عدالت کے فیصلے کے بعد کیا سفارتی کوشش کی اہمیت ہوگی؟


درخواست گزار صوفیہ مرزا نے کہا کہ سپریم کورٹ بچیوں کی بازیابی کےلیے ایف آئی اے کی ٹیم بھیجنے کی ہدایت کرے، حکومتی ٹیم کے علاوہ بچیوں کی واپسی کا کوئی راستہ نہیں ہوگا،

جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ کیا ٹیم تشکیل دے کر ہم بچیوں کو واپس لاسکتے ہیں؟ جس پر سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ یو اے ای حکام کو اعتماد میں لے کر ہی بچیوں کو واپس لایا جاسکتا ہے، بچیوں کی واپسی کے لیے مقامی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کرنا لازم ہے، 22 اپریل تک مقامی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا جا سکتا ہے۔

ڈپٹی سیکرٹری وزارت داخلہ نے کہا کہ ٹیم کی تشکیل کی سمری آج وزارت داخلہ سے منظوری کے بعد وزیراعظم کو بھیج دی جائے گی۔

بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت مزید چار ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔
Load Next Story