پشاور زلمی نے سپر اوور میں لاہور قلندرز کو شکست دے دی

شاہین شاہ آفریدی نے چھکا لگا کر میچ ٹائی کیا، انہوں نے آخری اوور میں تین چھکے اور ایک چوکا مارا


ویب ڈیسک February 21, 2022
شعیب ملک نے دو چوکے مار کر سپر اوور میں 6 رنز کا ہدف پورا کیا (فوٹو، انٹرنیٹ)

ISLAMABAD: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) سیزن 7 کے 30 ویں اور پہلے مرحلے کے آخری میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو سپر اوور میں شکست دے دی۔

سپر اوور

پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ ٹائی ہوا تو زلمی کے کپتان وہاب ریاض سپر آور کیلئے آئے اور انہوں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے قلندرز کے فخر زمان اور ہیری بروک کو صرف 5 رنز تک محدود رکھا اس طرح پشاور زلمی کو جیت کے لیے چھے رنز کا ہدف ملا۔ جواب میں زلمی کے شعیب ملک نے دو چوکے مار کر سپر اوور میں 6 رنز کا ہدف پورا کردیا۔

لاہور قلندرز کی اننگز

قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے میچ برابر کیا تھا، آخری گیند پر سات رنز درکار تھے، شاہین نے چھکا لگا کر میچ ٹائی کیا، انہوں نے آخری اوور میں تین چھکے اور ایک چوکا لگایا، کپتان نے آخری اوور میں محمد عمر کو 23 رنز مارے۔


پشاور زلمی کی طرح لاہور قلندرز کی اننگز کی شروعات بھی اچھی نہ تھی، فخر زمان صفر پر آؤٹ ہوئے، محمد حفیظ نصف سنچری سے ایک رن کی دوری پر وہاب ریاض کا شکار بنے۔ سہیل اختر نے 19 رنز بنائے جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے دھواں دھار بیٹنگ کی اور ٹیم کو شکست سے بچانے کے لیے میچ برابر کیا، انہوں نے صرف 20 بالوں پر 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

بعد ازاں لاہور قلندرز نے 8 وکٹوں کے نقصان نے مقررہ 20 اوورز میں 158 رنز بنائے اور اس طرح میچ ٹائی ہوگیا اور پھر سپر اوور میں فیصلہ پشاور زلمی کے حق میں رہا۔

پشاور زلمی اننگز

ایچ بی ایل پی ایس ایل سیون کے آج کے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنا سکی اور حریف کو ایک سو اُن سَٹھ اسکور کا ٹارگٹ دیا۔

پشاور زلمی کا آغاز اچھا نہ رہا کیوں کہ محمد حارث صرف 6 رنز پر پویلین لوٹ گئے، بعد ازاں حضرت اللہ زازئی اور کامران اکمل مل کر ٹیم کا سہارا بنے لیکن پھر زازئی، محمد حفیظ کی بال پر کیچ دے بیٹھے، کامران اکمل بھی فواد احمد کی بال پر آؤٹ ہوگئے۔ حیدر علی نے 25 اور شعیب ملک نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔

حسین طلعت اور خالد عثمان بالترتیب 17، 19 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور سات وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز پورے ہوگئے۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی، حارث رؤف، محمد حفیظ اور ڈیویڈ ویئس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ فواد احمد نے دو شکار کیے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل سیون کے کراچی کے بعد بقیہ میچز لاہور قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ہیں، میگا ایونٹ کے پہلے مرحلے کا آج آخری میچ تھا جس کے بعد پلے آف راؤنڈ شروع ہوگا۔

پشاور زلمی، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیم پلے آف مرحلے میں جگہ بنا چکی ہے۔ کراچی کنگز بدترین کارکردگی کے باعث پی ایس ایل 7 میں اپنا سفر جاری نہ رکھ سکی۔

اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا بھی میگا ایونٹ میں آگے بڑھنے کا خواب پورا نہ ہوا۔

لاہور قلندرز اسکواڈ

شاہین آفریدی(کپتان)، فخر زمان، فل سالٹ، کامران غلام، محمد حفیظ، ہیری بروک، سہیل اختر، ڈیوڈ ویئس، فواد احمد، حارث رؤف، زمان خان

پشاور زلمی اسکواڈ

وہاب ریاض(کپتان)، حضرت اللہ زازئی، کامران اکمل، محمد حارث، شعیب ملک، حیدر علی، حسنین طلعت، خالد عثمان، عماد بٹ، عمر اکمل، ارشد اقبال

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔