راشد خان بھی قلندرز کے رنگ میں رنگ گئے

معاوضہ معنی نہیں رکھتا، کم تر کیٹیگری میں بھی منتخب کیا تو کھیلنے کیلیے تیار ہوں گا، افغان کرکٹر


Sports Desk February 22, 2022
شاہین آفریدی کو ٹرافی ہاتھوں میں اٹھاتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں،آل راؤنڈر۔ فوٹو : فائل

افغان کرکٹر راشد خان بھی قلندرز کے رنگ میں رنگ گئے، ان کا کہنا ہے کہ معاوضہ میرے لیے کوئی معنی نہیں رکھتا۔

افغان اسٹار کرکٹر راشد خان کو قومی ذمہ داری کی وجہ سے ایچ بی ایل پی ایس ایل کو درمیان میں ہی چھوڑ کر بنگلہ دیش جانا پڑا جہاں پر ان کی ٹیم سیریز کھیلنے میں مصروف ہے، انھوں نے سیزن 7 کے دوران لاہور قلندرز کی جانب سے اچھا پرفارم کیا، 9 میچز میں انھوں نے 6.25 کے اکانومی ریٹ سے 13 وکٹیں لیں، اس کے ساتھ چند اہم مواقعوں پر آخر میں قیمتی رنز بھی بنائے۔

وہ گزشتہ سیزن میں لاہور قلندرز کا حصہ بنے تھے، جب انگلش کاؤنٹی سسیکس پر قلندرز کو ترجیح دی اور 2 میچز کھیلے، ساتویں سیزن کیلیے ڈرافٹ سے قبل ہی قلندرز نے انھیں ٹیم میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ سیاپنے آخری میچ کے بعد انھیں ساتھی کھلاڑیوں نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا، اس مقابلے میں انھوں نے 14 رنز کے عوض 2 وکٹیں لی تھیں۔

لاہور قلندرز کی جانب سے یوٹیوب پر جاری ویڈیو میں راشد خان نے کہا کہ میں نے قلندرز کے منیجر ثمین راناسے کہا کہ میرے لیے ڈرافٹ کیٹیگری کوئی اہمیت نہیں رکھتی، اگر انھیں میری ضرورت کسی کمتر کیٹیگری میں ہے تب بھی میں قلندرز کیلیے دستیاب ہوں گا۔

راشد خان کو یقین ہے کہ لاہور کی ٹیم ایچ بی ایل پی ایس ایل میں عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھے گی، انھوں نے کہا کہ میں اپنے تمام ساتھی کھلاڑیوں کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں، میں بنگلہ دیش سے بھی ان کے میچ دیکھتا رہوں گا، میں نئے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو ٹرافی اٹھاتے دیکھنے کا مزید انتظار نہیں کرسکتا۔

یاد رہے کہ لاہور قلندرز نے پلاٹینیم کیٹیگری میں راشد خان کی خدمات ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر میں حاصل کی تھیں ، حال ہی میں ہونے والی آئی پی ایل نیلامی میں وہ 20 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں