طورخم سے آرمی پبلک اسکول پر حملے میں ملوث دہشت گرد گرفتار

ملزم کو سی ٹی ڈی نے طور خم بارڈر کے نزدیک چھاپے میں پکڑا، ایک اور کارروائی میں بھتہ خور دہشت گرد گرفتار


ویب ڈیسک February 22, 2022
(فوٹو: فائل)

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پشاور نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران آرمی پبلک اسکول پر حملے میں ملوث دہشت گرد جان ولی اور بھتہ خور حماد اشرف کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات پر ایک چھاپے کے دوران اہم دہشت گرد جان ولی عرف شینا کو گرفتار کرلیا جو آرمی پبلک اسکول پر حملے میں ملوث تھا۔

حکام کے مطابق انٹیلی جنس آپریشن کی بنیاد پر ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی جس نے طور خم اڈہ کے قریب کارخانوں مارکیٹ میں چھاپہ مار کر اسے گرفتار کیا۔ ملزم سے تفتیش جاری ہے جس میں مزید انکشافات کی توقع ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق پجگی روڈ کے ایک شہری محمود خان نے درخواست دی تھی کہ طالبان نے اس سے 60 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا ہے اور تحریری خط لکھ کر گھر میں پھینکا ہے۔

اس درخواست پر سی ٹی ڈی نے بھتہ خوروں کو پکڑنے کے لیے تفتیشی ٹیم مقرر کی اور جدید خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے بھتہ طلب کرنے والے ملزم حماد اشرف ولد محمد اشرف کو چارسدہ روڈ نزد بجگی روڈ پشاور سے گرفتار کرلیا۔ گرفتار دہشت گردوں سے سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ سال 2014ء میں آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پشاور پر دہشت گردوں نے حملہ کرکے تقریبا ً 151 طلباء اور اسٹاف ممبران کو شہید اور 147 کو زخمی کردیا تھا، حملے میں 7 خود کش بمباروں نے جائے وقوع پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں