پوٹن کا یوکرین میں فوج بھیجنے کا فیصلہ احمقانہ ہے امریکا

روس نے منسک معاہدے کی دھجیاں بکھیر دیں جس پر اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے، امریکی سفیر

امریکی سفیر برائے اقوام متحدہ نے روسی پر کڑی تنقید کی، فوٹو: فائل

اقوام متحدہ میں اپنی تقریر میں امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے مشرقی یوکرین کے علاقوں ڈونیسک اور لوہانسک میں فوج بھیجنے کے روسی صدر کے بیان کو بکواس قرار یتے ہوئے روس پر کڑی تنقید کی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سفیر نے یوکرین کی موجودہ صورت حال کی جانب توجہ دلاتے ہوئے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے فوج بھیجنے کے بیان پر کڑی تنقید کی اور اس مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔


امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے مزید کہا کہ روسی صدر نے منسک معاہدے کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ روس اپنے جارحانہ عزائم کا اظہار کر رہا ہے جس کے نتائج سنگین ہوں گے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے کہا ہے کہ امریکا یوکرین میں باغیوں کے زیر تسلط علاقوں کو تسلیم کرنے اور امن دستے کے نام پر اپنی فوجیں بھیجنے پر روس پر آج سخت پابندیاں عائد کرے گا جس کے لیے اتحادیوں اور شراکت داروں سے رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے لوہانسک اور ڈونیسک کو خود مختار ریاست تسلیم کرتے ہوئے اپنی فوجیں بھیجنے کا اعلان کیا تھا جس کی عالمی رہنماؤں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
Load Next Story