متاثرین کی مدد میں فنڈزکی کمی آڑے نہیں آئیگی ناریجو

مون سون کے خاتمے تک افسران ہیڈ کوارٹرز میں رہیں، غفلت پر سخت کارروائی کا انتباہ۔


Numainda Express September 12, 2012
مون سون کے خاتمے تک افسران ہیڈ کوارٹرز میں رہیں، غفلت پر سخت کارروائی کا انتباہ, فوٹو: پی پی آئی

KARACHI: ڈویژنل کمشنر حیدرآباد احمد بخش ناریجو نے کہا ہے کہ بارش متاثرین کی مدد میں فنڈز کی کمی آڑے نہیں آنے دینگے۔

انہوں نے افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ بارشوں کا سلسلہ ختم ہونے تک اپنے ہیڈ کوارٹرز نہ چھوڑیں۔ حیدرآباد، قاسم آباد، لطیف آباد، مٹیاری اور دیگر علاقوں کے دورے میں انہوں نے کہا کہ برساتی پانی کے اخراج کی پمپنگ مشینوں سمیت دیگر متعلقہ سامان کو ہمہ وقت تیار رکھیں تاکہ کسی بھی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ غفلت برتنے والے افسران کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ برساتی پانی کی نکاسی کے ساتھ ساتھ ریلیف اور ریسکیو کے تمام اخراجات حکومت سندھ برداشت کریگی۔ انہوں نے افسران کو متنبہ کیا کہ فنڈ کی کمی یا دیگر وجہ ظاہر کر کے غفلت کا مظاہرہ کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔

انہوں نے میونسپل ایڈمنسٹریشن کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں مختلف امراض سے لوگوں کو بچانے کے لیے اسپرے کرائیں جبکہ ڈپٹی کمشنرز، ریونیو افسران مزید چوکس ہو کر بارشوں سے پیدا صورتحال کی نگرانی کریں۔احمد بخش ناریجو نے کہا کہ ریونیو افسران نقصانات کا سروے کر کے رپورٹ پیش کریں ۔ تاکہ متاثرین کی امداد کی جاسکے ۔

انہوں نے یقین دلایا کہ متاثرین کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ علاوہ ازیں ڈویژنل کمشنر نے اپنے کیمپ آفس میں حیدرآباد ڈویژن میں حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور برساتی پانی کی نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی۔

کمشنر نے اجلاس کو بتایا کہ بارشوں سے نمٹنے کے لیے حیدرآباد ڈویژن میں کُل 544 نکاسی آب کی مشینیں اور 76 اسپرے مشینیں کام کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ڈویژن میں صورتحال کنٹرول میں ہے، اس کے باوجود انتظامیہ الرٹ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں