فیس بک پر لڑکی بن کر مردوں کو ہراساں کرنے والا شخص گرفتار

ملزم مردوں کے ساتھ فیس بک پر دوستی کر کے انہیں ویڈیو کال پر آمادہ کرتا تھا


ویب ڈیسک February 22, 2022
ملزم تصاویر اور ویڈیوز ڈیلیٹ کرنے کے 20 سے 30 ہزار روپے مانگتا تھا (فوٹو ایکسپریس)

BEIRUT: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ سندھ نے مردوں کو ہراساں کرنے اور بلیک میل کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ نے آپریشن سائبر اسٹروم کے تسلسل میں مردوں کو ہراساں اور بلیک میل کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عمران ریاض کے مطابق سکھر کی ٹیم نے کارروائی کی جس کے دوران لال گل ولد محمد بخش مہر نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم متعدد متاثرین کو بلیک میل کرنے اور ہراساں کرنے کے ساتھ شکایت کنندہ کی فحش تصاویر اور ویڈیوز شیئر کررہا تھا۔ ملزم لڑکی کی جعلی آئی ڈی کے ذریعے فیس بک پر مردوں سے دوستی کرتا تھا اور انہیں ویڈیو کال پر آمادہ کر کے ریکارڈنگ کرتا پھر تعلقات بنانے کی پیش کش کرتا اور ویڈیو و تصاویر ڈیلیٹ کرنے کے پیسے مانگتا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے گھوٹکی کے نواحی علاقوں سے تعلق رکھنے والے 15 سے زائد افراد کی ویڈیو اور تصاویر ڈیلیٹ کرنے کے لیے 20 سے تیس ہزار روپے مانگتا اور رقم نہ دینے کی صورت میں تصاویر و ویڈیوز انٹرنیٹ پر شیئر کردیتا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں