کراچی میں لیکسن انویسٹمنٹ چھٹی یونیفائیڈ میراتھن اتوار کو منعقد ہوگی

میراتھن ڈی ایچ اے فیز8 سے صبح 7 بجے شروع ہوگی، انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے

(فوٹو فائل)

شہر قائد میں اسپیشل اولمپکس پاکستان (ایس او پی)کے تحت میکڈونلڈز کے تعاون سے لیکسن انویسٹمنٹ چھٹی یونیفائیڈ میراتھن کا انعقاد 27 فروری 2022 بروز اتوار کیا جائے گا۔

شہر قائد میں روایت بن جانے والی میراتھن ڈی ایچ اے فیز8 سے صبح 7 بجے شروع ہوگی، بعدازاں اسی مقام پر دوپہر 11 بجے تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا جائے گا۔

میرا تھن میں ہزاروں شہری مرد، خواتین بچے، معمر افراد فنکار، کھلاڑی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، تنظیموں کے نمائندے ،معززین اور غیرملکی سفارت کار بھی شریک ہوں گے۔


میرا تھن کے انعقاد کا مقصد خصوصی افراد سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کو احساس دلانا ہے کہ وہ بھی معاشرے کا اہم جز ہیں۔ میراتھن میں 4 مختلف ایونٹس کے مقابلے ہونگے، ان میں 10 کلو میٹر کی ہاف میرا تھن ، 5 کلو میٹر، 1کلو میٹر کی یونیفائیڈ دوڑ کے ساتھ 1 کلو میٹر کی واک بھی شامل ہوگی۔

سماعت و گویائی سے محروم اور مختلف جسمانی و ذہنی مشکلات کا شکار خصوصی افراد میراتھن کا خاص حصہ ہوں گے۔ اختتام پر کامیاب شرکا میں میڈلز تقسیم کیے جائیں گے۔

اسپیشل اولمپکس پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی کے مطابق میراتھن کے انعقاد کو انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی ہے، شرکاء کے لیے سندھ حکومت اور دیگر اداروں کے تعاون سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میرا تھن میں شریک افراد کے لیے ماسک کا استعمال اورکوویڈ19 کی ایس او پیز پر عمل لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ شرکا کی رہنمائی کے لیے رضا کاروں کی بڑی تعداد راستوں میں موجود ہوگی۔
Load Next Story