آرمی چیف کی آسٹریلوی چیف آف ڈیفنس فورس سے ملاقات

پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ

(فوٹو ریڈیو پاکستان)

RAWALPINDI:
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی آسٹریلوی فوج کے جنرل سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور افغانستان کی صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آسٹریلیا کے چیف آف ڈیفنس فورس جنرل اینگس جے کیمبل کی ملاقات ہوئی۔

آسٹریلوی جنرل نے افغان صورت حال، بارڈر مینجمنٹ اور علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا اور پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کا اعتراف بھی کیا۔ دونوں ممالک کے فوجی عہدیداران نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششوں سمیت دوطرفہ تعلقات اور دفاعی تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا اعادہ بھی کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔


ازبکستان کے نائب وزیراعظم کی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سے ملاقات

قبل ازیں ازبکستان کے نائب وزیراعظم سردار عمر زاکوف کی جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امو ر اور علاقائی سلامتی کی صورتحال خصوصاً افغانستان کے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی روابط اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی ہوا، سردار عمر زاکوف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کا اعتراف کیا جبکہ انہوں نے پاکستان کی علاقائی خودمختاری،سالمیت کے دفاع میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔

جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان تمام علاقائی ممالک خصوصاً ازبکستان کے ساتھ دوطرفہ فوجی تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
Load Next Story