وزیراعظم عمران خان دوروزہ دورے پر روس پہنچ گئے

روسی وزیر خارجہ ایگور مور گولئو نے وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا

وزیر اعظم کو روسی ایئر پورٹ پر ریڈ کارپیٹ خیر مقدم کیا گیا—فوٹو: ٹوئٹر اکاؤنٹ عمران خان

وزیراعظم عمران خان نور خان ائیر بیس سے دو روزہ دورہ پر روس پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا استقبال روسی وزیر خارجہ ایگور مور گولئو نے کیا۔

طویل عرصہ کے بعد کسی پاکستانی وزیراعظم کا روس کے لیے یہ پہلا دورہ ہے۔ روسی ایئر پورٹ پر وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔



خیال رہے کہ عمران خان کل ماسکو میں گمنام سپاہیوں کی یاد گار پر بھی جائیں گے۔ وزیر اعظم کے دورہ روس کے وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور معید یوسف شامل ہیں۔

اس سے قبل سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کل(جمعرات)ہوگی جبکہ وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے غیرملکی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کو اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستان اور روس کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبے کو جلد از جلد شروع کرنے کے خواہشمند ہیں۔




ملاقات میں دو طرفہ امور، خطے کی صورتحال اور خصوصاً افغانستان میں رونما ہونے والی سیاسی صورتحال پر غور ہوگا۔ ملاقات کے بعد وفود کی سطح کے مذاکرات ہوں گے، جن میں مختلف شعبوں میں تعاون پر باہمی یادداشت کے معاہدے کئے جائیں گے۔

وزیراعظم ماسکو میں پاکستانی بزنس مین اور تاجروں سے ملاقات کریں گے جبکہ روس کی گرینڈ مسجد کا دورہ بھی کریں گے۔

پاک روس گیس پائپ لائن منصوبہ

خیال رہے کہ 2015 میں روس اور پاکستان نے کراچی سے درآمد شدہ ایل این جی پنجاب کے پاور پلانٹس تک پہنچانے کے لیے ایک ہزار 100 کلومیٹر طویل پائپ لائن بنانے پر اتفاق کیا تھا۔

اس منصوبے کو 2020 میں شروع کیا جانا تھا لیکن روس کو مغربی پابندیوں کے باعث اپنا ابتدائی شراکت دار تبدیل کرنا پڑا جس کا پاکستان اسٹریم منصوبے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

 
Load Next Story