روس اور یوکرین کشیدگی کے باوجود پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت کاروبار

100 انڈیکس 45100 پوائنٹس کی سطح پر بحال ہوگیا


Business Reporter February 23, 2022
فوٹو: فائل

ISLAMABAD: روس اور یوکرین تنازع کی شدت کے باوجود پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں نے خریداری میں دلچسپی ظاہر کی جس کے باعث مارکیٹ میں تیزی رہی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق روس اور یوکرین کے درمیان تنازع شدت اختیار کرنے سے گندم سمیت دیگر کموٹیز کی سپلائی چین متاثر ہونے اور خام تیل کی عالمی قیمت بڑھنے سے پاکستان کے معاشی چیلینجز مزید بڑھنے جیسے عوامل کے باوجود پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو اتارچڑھاو کے بعد تیزی رونما ہوئی۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے یعنی بدھ کے روز ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس 45100 پوائنٹس کی سطح بحال ہوگیا، آج مارکیٹ میں تیزی کے سبب 51.14فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی 8ارب 64کروڑ 52لاکھ 16ہزار 614روپے کا اضافہ ہوا۔

مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا تاہم چند گھنٹوں بعد اعتماد کے فقدان کے باعث مارکیٹ مندی میں چلی گئی اور ایک موقع پر 100 انڈیکس میں 256 پوائنٹس کی کمی ہوئی لیکن دوپہر کو نچلی قیمتوں پر آئے ہوئے حصص کی خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے دوبارہ تیزی رونما ہوئی اور ایک موقع پر 219پوائنٹس کی تیزی ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی شرح میں کمی واقع ہوئی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 120.74پوائنٹس کے اضافے سے 45132.92 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ کاروباری حجم منگل کی نسبت 18فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 18کروڑ 63لاکھ 55ہزار 677حصص کے سودے ہوئے۔

ٹریڈنگ کے دوران 348 کمپنیوں کے حصص کو مارکیٹ میں خرید و فروخت کے لیے پیش کیا گیا جن میں سے 178 کے بھاؤ میں اضافہ 153 کے داموں میں کمی اور 17 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں