اسرائیلی پولیس کا ذہنی معذور فلسطینی نوجوان پر بہیمانہ تشدد دلخراش ویڈیو وائرل
صیہونی اہلکاروں کے تشدد سے ڈاؤن سنڈروم میں مبتلا نوجوان کی گردن اور کندھوں پر شدید چوٹیں آئیں
SYDNEY:
اسرائیلی فوج اور پولیس کے مظالم سے اب ذہنی طور پر معذور افراد بھی محفوظ نہیں رہے۔
قطری سرکاری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق فسلطین کے علاقے شیخ جرہ میں ایک فلسطینی خاندان کو اُن کے گھر سے جبراً بےدخل کردیا گیا تھا جس پر اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں پیدائشی طور پر ذہنی مرض ڈاؤن سنڈروم میں مبتلا نوجوان بھی شریک تھا۔
اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو طاقت سے کچلنے کی کوشش کی اور اس دوران 25 سالہ نوجوان محمد العجلونی کو پکڑ لیا اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے نوجوان کی گردن اور کندھوں پر شدید چوٹیں آئیں۔
اس دوران مظاہرین کے شرکاء نے ذہنی طور پر معذور نوجوان کو پولیس کے چنگل سے بچانے کی پوری کوشش کی اور انھیں نوجوان کے لڑکے کی معذوری کا بھی بتایا لیکن انسانی حقوق سے عاری ہٹ دھرم پولیس نے ایک نہ سنی۔
کافی بحث و تکرار کے بعد پولیس اہلکاروں نے نوجوان کو چھوڑ دیا جو کافی گھبرا گیا اور زخمی بھی تھا۔ محمد العجلونی کو قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اُس کے زخموں کا علاج کیا گیا۔