بلوچستان اور ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں 12 دہشت گرد ہلاک
ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور اغوا برائے تاوان میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر
MUMBAI:
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب اور خیبر پختونخواہ کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کر کے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں دہشت گردوں کے کیمپ اور ٹھکانے کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیس آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں کمانڈر آصف عرف مکیش سمیت 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد بلوچستان کے علاقے تربت اور پسنی میں سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے حالیہ حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا جبکہ آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردی کے مرتکب عناصر کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، دہشت گردوں کو بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بعد ازاں خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کر کے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گرد فضل رحمان عرف خیری کا تعلق گاوٴں لونی سے جبکہ دوسرے مہران کا تعلق گاوٴں روڑی سے ہے۔
پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے سب مشین گنز، ہینڈ گرنیڈ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے، مقامی لوگوں نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔