حجاب پر پابندی کیخلاف سماعت کرنیوالے جج پر تنقید کرنا اداکار کو مہنگا پڑ گیا

بھارتی اداکار نے بینچ میں شامل جج جسٹس کرشنا ڈکشٹ پر تنقید کی جس پر پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا


ویب ڈیسک February 23, 2022
اداکار چیتن کمار نے حجاب پر پابندی کیخلاف جج کو تنقید کا نشانہ بنایا (فوٹو فائل)

بھارتی پولیس نے حجاب پابندی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کرنے والے جج پر تنقید کرنے والے اداکار کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مقامی فلموں کے اداکار چیتن کمار کو بنگلورو پولیس نے لوگوں کو اشتعال دلانے اور تشدد پر اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

چیتن کمار نےگزشتہ دنوں ٹویٹر پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں حجاب پابندی کیس کی سماعت کرنے والے بینچ میں جسٹس کرشنا ڈکشٹ کی شمولیت پر سوال اٹھایا تھا۔

چیتن کمارن نے اپنی پرانی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ '2 سال قبل کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے یہ ٹوئٹ کی تھی، اس فیصلے میں جسٹس کرشنا نے ریپ کیس کے حوالے سے انتہائی متنازع بیان دیا تھا اور اب وہی جج اسکولوں میں حجاب پر پابندی کا فیصلہ کرنے جارہے ہیں'۔

اداکار نے ٹوئٹ میں سوال اٹھایا تھا کہ کیا جسٹس کرشنا کو اس حوالے سے وضاحت نہیں دینی چاہیے؟۔

خیال رہے کہ بھارتی ریاست کرناٹک میں اسکولوں اور بعض کالجوں میں مسلمان طالبات کے حجاب اور برقع پہننے پر پابندی عائد کی گئی ہے، جس کے خلاف درخواست پر سماعت کرناٹک ہائیکورٹ 10 روز سے مسلسل سماعت جاری ہے۔

بھارت میں حجاب پر پابندی کا معاملہ سنجیدہ نوعیت اختیار کرتا جا رہا ہے جس کے خلاف ہندوانتہاپسند باقاعدہ مہم چلارہے ہیں جبکہ گزشتہ روز حجاب کے حق میں درخواست دائر کرنے والی طالبہ شفاء کے بھائی اور والد کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں