عدم اعتماد پر آصف زرداری کے مشورے سے لائحہ عمل طے کریں گے چوہدری پرویز الہی

زرداری صاحب آپ ہمارے قابل اعتماد دوست ہیں اور ہمارا تعلق بہت مضبوط ہے، چوہدری پرویز الہی

فوٹو فائل

LONDON:
مسلم لیگ ق اور پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر مشاورت اور مشترکہ فیصلوں پر اتفاق کیا جبکہ چوہدری پرویز الہیٰ نے سابق صدر کو یقین دہانی کرائی کہ عدم اعتماد کے معاملے پر آپ کے مشورے سے لائحہ عمل طے کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق صدر آصف زرداری سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی، جس کا مشترکہ اعلامیہ اور اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

اعلامیے کے مطابق آصف علی زرداری اور چوہدری پرویزالٰہی کی ملاقات میں اہم فیصلے کیے گئے، دونوں جماعتوں نے مشاورت سے فیصلے کرنے پر اتفاق کیا جبکہ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: کوئی کچھ بھی کہے آپ ہمارے وزیراعظم کے امیدوار ہیں، زرداری کا شہبازشریف سے مکالمہ

اعلامیے کے مطابق موجودہ سیاسی منظر نامے میں آصف علی زرداری اور چوہدری پرویزالٰہی مشاورت سے لائحہ عمل طے کریں گے، پاکستان مسلم لیگ ق اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے ایک دوسرے پر بھرپور اعتماد کا اظہار بھی کیا۔

ملاقات کی اندرونی کہانی


آصف علی زرداری اور چوہدری پرویز الہی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آئی جس کے مطابق آصف علی زرداری اور ق لیگ کی قیادت کے ساتھ بات چیت کے 2 دور ہوئے، پہلے دور میں آصف علی زرداری اور ق لیگ کی مکمل قیادت تیس منٹ تک مشاورت کرتی رہی، جس میں تحریک عدم اعتماد اور دیگر آپشنز پر غور کیا گیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے وقت کا تعین کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل

ملاقات کے ایک دور کے بعد عشائیہ دیا گیا جس کے بعد دوسرا دور شروع ہوا، جس میں آصف زرداری اور چوہدری پرویز الہی کے درمیان چالیس منٹ ون ٹو ون ملاقات ہوئی، اس میں سابق صدر نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر مسلم لیگ ق سے مکمل حمایت مانگی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ن لیگ کے متعلق ماضی اور مستقبل خدشات کا اظہار کیا گیا اور طے کیا گیا کہ اپوزیشن پارٹیوں کے درمیان خدشات کو دور کرنے کے لیے مولانا فضل الرجمن اور آصف علی زرداری کردار ادا کریں گے۔

آصف علی زرداری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر نے مسلم لیگ ق سے حمایت مانگتے ہوئے کہا کہ آپ وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد پر ہمارا ساتھ دیں، اس مشکل وقت میں اپوزیشن اور ملک کو اتحادیوں کے تعاون کی سخت ضرورت ہے، ہم اتحادیوں کے تمام تحفظات کو بہترین طریقے سے دور کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریکِ عدم اعتماد؛ چوہدری برادران نے اپوزیشن سے حتمی لائحہ عمل کے لیے 48 گھنٹے مانگ لیے

چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ 'زرداری صاحب ہم کوئی بھی فیصلہ لینے سے پہلے آپ سے مکمل مشاورت کریں گے، عدم اعتماد کے معاملے پر آپ کی مشاورت سے لائحہ عمل طے کریں گے، آپ ہمارے قابل اعتماد دوست ہیں اور ہمارا تعلق بہت مضبوط ہے'۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری چوہدری پرویز الہی کے ساتھ ہونے والی ملاقات پر اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے۔
Load Next Story