وزیراعظم کا پاکستان میں متعلقہ اداروں سے رابطہ یوکرین پر روسی حملے کے بعد صورتحال کا جائزہ

ماسکو میں عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس، یوکرین روس تنازع سے متعلق بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال


ویب ڈیسک February 24, 2022
ماسکو میں عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس، یوکرین روس تنازع سے متعلق بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال (فوٹو : فائل)

PESHAWAR: روس کے یوکرین پر حملے کے بعد ماسکو میں موجود وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں یوکرین روس تنازع سے متعلق بدلتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اہم دورے پر ماسکو میں موجود ہیں۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ عمران خان کی انتہائی اہم ملاقات ہوگی جس میں مختلف امور پر بات چیت کی جائے گی۔

روسی حملے کے بعد بدلتی ہوئی صورتحال پر اجلاس


سرکاری ٹی وی پاکستان ٹیلی وژن نیٹ ورک کے مطابق روس کے یوکرین پر حملے کے بعد کی صورتحال سے متعلق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ماسکو میں اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور معید یوسف و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان دوروزہ دورے پر روس پہنچ گئے

اجلاس میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں متعلقہ اداروں کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔

دوسری جنگ عظیم میں ہلاک فوجیوں کی یادگار پر حاضری

وزیراعظم نے دوسری جنگ عظیم میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی یادگار پر بھی حاضری دی۔ یادگار کریمیلین کے الیگزینڈر گارڈن میں تعمیر کی گئی۔ وزیراعظم نے یادگار پر پھول بھی رکھے۔

شاہ محمود قریشی کی روسی ہم منصب سے ملاقات

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفد کے ہمراہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ملاقات کی۔ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔

دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔

روسی وزیر خارجہ نے افغانستان کے حوالے سے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی کامیابی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستان کی قیادت کو مبارکباد دی اور 22/23 مارچ کو اسلام آباد میں متوقع او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں