پاک آسٹریلیا سیریز لوکل امپائرز ہی فرائض نبھائیں گے

 علیم ڈار اور احسن رضا بھی شامل، مدوگالے ٹیسٹ کے میچ ریفری مقرر

علیم ڈار اور احسن رضا بھی شامل، مدوگالے ٹیسٹ کے میچ ریفری مقرر ۔ فوٹو : فائل

پاکستان اور آسٹریلیا کی سیریز میں لوکل امپائرز ہی فرائض نبھائیں گے،ان میں علیم ڈار اور احسن رضا بھی شامل ہیں،ٹیسٹ سیریز میں میچ ریفری رنجن مدو گالے ہوں گے۔


تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے 24 سال بعد دورئہ پاکستان میں شامل 3ٹیسٹ، اتنے ہی ون ڈے اور واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کیلیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا، ٹیسٹ میچز میں آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل علیم ڈار اور پی سی بی کے انٹرنیشنل پینل میں موجود احسن رضا امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

کونسل کے چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے کو پلیئنگ کنٹرول ٹیم کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، سری لنکا سے تعلق رکھنے والے مدوگالے واحد میچ ریفری ہیں جو اب تک 200 سے زائد ٹیسٹ میچز میں فرائض انجام دے چکے، 3مرتبہ آئی سی سی کے امپائر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے علیم ڈار اب تک 136 ٹیسٹ میچز میں فرائض نبھاچکے ہیں۔


پی سی بی کے امپائر برائے 2020 اور 2021 کا ایوارڈ وصول کرنے والے آصف یعقوب سیریز کے پہلے اور تیسرے ٹیسٹ میچ میں ٹی وی امپائر کے فرائض انجام دیں گے، دوسرے ٹیسٹ میں یہ ذمہ داریاں راشد ریاض نبھائیں گے۔

یہ دونوں امپائرز سیریز میں شامل ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں احسن رضا اور علیم ڈار کے ساتھ آن فیلڈ امپائرنگ کی ذمہ داریوں کا تبادلہ بھی کریں گے، وائٹ بال سیریز میں میچ ریفری کے فرائض جاوید ملک ادا کریں گے۔پہلا ٹیسٹ 4 تا 8 مارچ راولپنڈی میں ہوگا، علیم ڈار اور احسن رضا آن فیلڈامپائرز، آصف یعقوب تھرڈ امپائر، راشد ریاض فورتھ امپائر، رنجن مدوگالے میچ ریفری ہونگے۔

دوسرا ٹیسٹ 12 تا 16 مارچ کراچی جبکہ تیسرا 21تا 25 مارچ لاہور میں ہوگا، پہلے ٹیسٹ کے آفیشلز کی ٹیم اگلے دونوں مقابلوں میں بھی برقرار رہے گی۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 29 مارچ کو راولپنڈی میں ہوگا، علیم ڈار اور آصف یعقوب آن فیلڈامپائرز، احسن رضا تھرڈ امپائر، فیصل آفریدی فورتھ امپائر ہوں گے۔
Load Next Story