یوکرین جنگعالمی اسٹاک ماکیٹوں میں مندی تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں

خام تیل کی قیمت100ڈالر سے اُوپر چلی گئی،فی اونس سونے میں 77ڈالرکا اضافہ


Ehtisham Mufti February 25, 2022
خام تیل کی قیمت100ڈالر سے اُوپر چلی گئی،فی اونس سونے میں 77ڈالرکا اضافہ فوٹو : فائل

کراچی: روس یوکرین جنگ کے سبب جمعرات کو دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹیں شدید مندی کا شکار ہوگئیں۔

ہانگ کانگ، سڈنی، ممبئی اور سیول کی اسٹاک مارکیٹ میں تین فیصد جبکہ ٹوکیو، سنگاپور، تاپئی اور واشنگٹن میں 2فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے، شنگھائی، منیلا، جکارتہ اور بینکاک کی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی بڑی سطح پر نقصان دیکھنے میں آیا ہے۔دوسری طرف سال 2014 ء کے بعد عالمی مارکیٹ میں پہلی بار تیل کی قیمتیں100 ڈالر سے اُوپر چلی گئی ہیں۔

جمعرات کو برینٹ خام تیل کی قیمت102 ڈالر فی بیرل کی ریکارڈ سطح سے تجاوز کرگئی۔صدر پوٹن کے اعلان جنگ کے بعد روسی کرنسی روبل کی قیمت میں بھی کمی ہوئی اور ڈالر کے مقابلے میں اس کی قدر چھ فیصد گر گئی۔جمعرات کوایک امریکی ڈالر 86.67 روبل پربکتا رہا۔جمعرات کو پاکستان سٹاک ایکس چینج میں بھی بڑی مندی رونما ہوئی۔

84.08فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جس کے باعث سرمایہ کاروں کے 2کھرب 4ارب 15 کروڑ 26لاکھ 4ہزار 682روپے ڈوب گئے،100 انڈیکس کی 45000 اور 44000پوائنٹس کی حدیں بھی گرگئیں۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 1302.41 پوائنٹس کی کمی سے 43830.51 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر 35کروڑ 59ہزار 221 حصص کے سودے ہوئے۔

جن میں 36 کے بھاؤ میں اضافہ 317، کے داموں میں کمی اور 24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ روس اور یوکرین جنگ کے سبب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 100ڈالر سے تجاوزکرگئی۔جمعرات کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں روپیہ کے مقابلے میں ڈالر کی اڑان تیز رفتار رہی جس سے ڈالر کے اوپن مارکیٹ ریٹ دوبارہ 178روپے سے تجاوز کرگئے۔

انٹربینک میں ڈالر 24پیسے کے اضافے سے 176.39روپے کی سطح پر بندہوا جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1.20روپے کے اضافے سے 178.30روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ بین الاقوامی بُلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یکدم 77ڈالر کے اضافے سے 1972ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعرات کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 3400روپے اور 2915روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوگیا۔کراچی، حیدرآباد، سکھر ،ملتان ،لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 30 ہزار 300روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 11ہزار 711 روپے ہوگئی۔

اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 30روپے کے اضافے سے 1490روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 25.72روپے کے اضافے سے 1277.43روپے ہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں