پاک آسٹریلیا سیریز کے تمام ٹکٹس کو ڈیجیٹلائزڈ کردیا گیا

اب ٹکٹس پرنٹ نہیں ہوں گے، آن لائن بکنگ کے بعد کیو آر کوڈ موبائل اسکرین پر دکھا کر اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی

اب ٹکٹس پرنٹ نہیں ہوں گے، آن لائن بکنگ کے بعد کیو آر کوڈ موبائل اسکرین پر دکھا کر اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی (فوٹو : فائل)

کراچی:
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے تمام ٹکٹس کو ڈیجیٹیلائزڈ کردیا، اب ٹکٹس پہلے کی طرح پرنٹ نہیں ہوا کریں گے، صرف موبائل پر کیو آر کوڈ اسکین ہوگا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی ٹکٹ فروخت کرنے والے ادارے بک می ڈاٹ پی کے، کی معاونت سے ٹکٹس میں جدت لائی ہے۔ پی ایس ایل کے کامیاب تجربے کے بعد اب کاغذ پر ٹکٹوں کی پرنٹنگ ختم کرکے اسے موبائل پر منتقل کردیا گیا ہے۔


اب ٹکٹس کی بکنگ کے بعد اس کا پرنٹ لینے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی۔ آن لائن رائج آسان طریقہ کار کے تحت ٹکٹ بک کروانے کے بعد کیو آر کوڈ موبائل اسکرین پر دکھانا کافی ہوگا، یعنی اب واٹس اپ کے ذریعے ہی ٹکٹس کی دستیابی یقینی بنادی گئی ہے۔

آن لائن بکنگ کے ساتھ اب اعزازی پاسز/ ٹکٹس کی پرنٹنگ بھی نہیں ہوا کرے گی۔ یہ کمپلیمنٹری ٹکٹس بھی موبائل پر منتقل کردئیے گئے ہیں۔ پی ایس ایل میں موبائل پر کیو آر کوڈ اسکین کے ساتھ کاغذ پر بھی ٹکٹس پرنٹ کیے گئے تھے۔

تماشائیوں کو پرنٹ آؤٹ بھی ساتھ لانے کی اجازت تھی تاہم اب مزید آسانی پیدا کردی گئی ہے۔ تماشائیوں کو کاغذی کارروائی کے جھنجٹ سے بھی چھٹکارا مل گیا ہے۔ اب بس خریدے گئے یا مفت میں ملنے والے ٹکٹس کو موبائل اسکرین کے ذریعے ٹکٹس چیک کرنے والے عملے کو دکھاکر اسٹیڈیم میں داخل ہوا جاسکےگا۔
Load Next Story