جرمن قونصل جنرل کا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کاد ورہ

الیکشن کمیشن اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے پروگرامز میں مدد پر غور کرینگے، قونصل جنرل


Express Desk September 12, 2012
الیکشن کمیشن اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے پروگرامز میں مدد پر غور کرینگے، قونصل جنرل، فوٹو : فائل

لاہور: جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر ٹلو کلنر (Tilo Klinner)نے منگل کو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل (ٹی آئی) پاکستان کے دفاتر کا دورہ کیا۔

جہاں انھوں نے ٹی آئی کے چیئرمین سہیل مظفر، ایڈوائزر سید عادل گیلانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر سعد رشید سے ملاقات کی۔ سعد رشید نے انھیں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی طرف سے پاکستان میں کرپشن کے خلاف اپنے منصوبوں پر بریفنگ دی اور سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے این آئی سی ایل کیس، سیف سٹی پروجیکٹ اور دیگر مقدمات میں جاری کیے گئے فیصلوں اور اپنی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ جرمن قونصل جنرل کو اینٹی فراڈ ہاٹ لائن پروجیکٹ اور ایڈووکیسی اینڈ لیگل ایڈ سینٹر کے بارے میں بھی بتایا جہاں کرپشن سے متاثرہ افراد کو مفت قانونی معاونت دی جاتی ہے اور تحقیق کا کام سرانجام دیا جاتا ہے۔

عادل گیلانی نے انھیں ملک میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کیلیے چیف الیکشن کمشنر کو پیش کی جانے والی اپنی سفارشات سے آگاہ کیا اور انھیں بتایا گیا کہ ادارے کی جانب سے سیاسی جماعتوں کو اپنے منشور ترتیب دینے کیلیے بھی تجاویز دی گئی ہیں۔ اس موقع پر قونصل جنرل سے درخواست کی گئی کہ وہ پاکستان میں آئندہ انتخابات کے موقع پر بنائے جانے والے 65ہزار پولنگ بوتھوں پر ویب کیمرے لگانے کیلیے فنڈنگ میں مدد کریں جن پر 50ملین ڈالر لاگت آئے گی۔ سہیل مظفر نے تجویز دی کہ فنڈز کی دستیابی کی صورت میں کرپشن سے متاثرہ افراد کو قانونی معاونت فراہم کیا جاسکے گا۔ جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر کلنر نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی طرف سے پاکستان میں بدعنوانی کے خاتمے کی کوششوں کو سراہا اور یقین دلایاکہ وہ الیکشن کمیشن اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے پروگرامز کو درکار فنڈز کی تجاویز پر غور کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں