پی ایس ایل7 کے چیمپئن کا فیصلہ کل ہوگا

ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کل ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی


ویب ڈیسک February 26, 2022
فوٹو: پی ایس ایل

ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے ٹائٹل کا فائنل معرکہ 27 فروری کو لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے مابین قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

سال 2017 کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب قذافی اسٹیڈیم لاہور کا تاریخی گراؤنڈ دوبارہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے فائنل کی میزبانی کرے گا۔

ملتان سلطانز نے ایونٹ کے واحد کوالیفائر میں لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی جبکہ لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ کے دوسرے ایلیمینٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

اس سے قبل دونوں ٹیمیں دو مرتبہ لیگ مرحلے میں مدمقابل آچکی ہیں، جہاں فتح کی دیوی ایک مرتبہ لاہور قلندرز اور ایک مرتبہ ملتان سلطانز پر مہربان ہوچکی ہے۔ دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کو اب تک اس ایڈیشن میں شکست دینے والی واحد ٹیم بھی لاہور قلندرز کی ہی ہے۔

لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان اپنے کیرئیر کی بہترین فارم میں ہیں۔ وہ اب تک ٹورنامنٹ میں 7 نصف سنچریاں اور ایک سنچری اسکور کرکے 585 رنز بناچکے ہیں۔ اگر وہ فائنل میں مزید 15 اسکور بنالیتے ہیں تو وہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں 600 رنز بنانے والے پہلے بیٹر بن جائیں گے۔وہ اب تک 154 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز اسکور کررہے ہیں۔

لاہور قلندرز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے بھی ٹی20 ورلڈکپ کی جاری کردہ فارم کے سلسلے کو برقرار رکھا ہے۔ وہ اب تک ٹورنامنٹ کی 11 اننگز میں 532 رنز بناچکے ہیں۔ 126 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے والے محمد رضوان اب تک ایونٹ میں 7 نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔ اس فہرست میں ملتان سلطانز کے دوسرے اوپنر شان مسعود کا تیسرا نمبر ہے، جو اب تک 459 رنز بناچکے ہیں۔

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے دوسرے ایلیمینٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف سنسنی خیز میچ میں کامیابی کے بعد لاہور قلندرز کی نظریں اب صرف ٹورنامنٹ کی ٹرافی پر مرکوز ہیں۔

اسی طرح ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ٹیم کے لیے ٹورنامنٹ شاندار رہا ہے اور ایک کپتان کی حیثیت سے وہ اپنے کھلاڑیوں سے اس سے بڑھ کر کچھ نہیں مانگ سکتے۔ دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے کسی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا ہمیشہ دباؤ کا شکار رکھتا ہے تاہم منیجمنٹ اور تمام کھلاڑیوں نے اس دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں