کشیدگی میں کمی لانے کیلئے سفارت کاری ناگزیر ہے وزیر خارجہ کا یوکرینی ہم منصب کو فون

وزیر خارجہ نے یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا

وزیر خارجہ نے یوکرین کے وزیر خارجہ کے ساتھ پاکستانی کمیونٹیکا اہم معاملہ بھی اٹھایا —فائل فوٹو

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یوکرین اور روس کے مابین جنگ کے تناظر میں یوکرینی ہم منصب پر زور دیا ہے کشیدگی میں کمی لانے کے لیے سفارت کاری ناگزیر ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

علاوہ ازیں شاہ محمود قریشی نے ڈیمیٹرو کولیبا سے خطے میں ابھرتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اعادہ کیا اور وزیر اعظم عمران خان نے اپنے حالیہ دورہ ماسکو میں روس اور یوکرین کے درمیان تازہ ترین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سفارت کاری کو تنازعات کے حل کے لیے بہترین لائحہ عمل قرار دیا۔


انہوں نے کہا کہ تنازعات میں شدت کسی کے مفاد میں نہیں ہے، ترقی پذیر ممالک ہمیشہ تنازعات کے باعث معاشی طور پر سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔

علاوہ ازیں وزیر خارجہ نے یوکرین کے وزیر خارجہ کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی، بالخصوص طلبہ کے انخلا اور ان کی بحفاظت پاکستان واپسی کا اہم معاملہ بھی اٹھایا اور انخلا کے عمل میں یوکرائنی حکام کے مثبت کردار کو سراہا۔
Load Next Story