پی سی بی کا آئندہ پی ایس ایل کے میچز پشاور اور ملتان میں بھی کرانے کا اعلان

آئندہ سیزن میں لاہور اور کراچی کے ساتھ ملتان، پشاور میں بھی میچز کرائیں گے، رمیز راجہ

لاہور والوں نے اُس میچ میں بھی ہاؤس فل کیا جس میں اُن کی ٹیم نہیں تھی، چیئرمین پی سی بی (فوٹو پی ایس ایل)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے اگلے سیزن میں پی ایس ایل کے میچز پشاور اور ملتان میں بھی کرانے کا اعلان کردیا۔

قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 8 کے میچز ملک کے تمام اسٹیڈیمز میں کرانا چاہتے ہیں، آئندہ سیزن میں لاہور اور کراچی کے ساتھ ملتان، پشاور میں بھی میچز کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں لاہور کا کراوڈ اسپشل تھا اور لاہور نے پی ایس ایل کو اٹھا دیا ہے، شائقین نے اُس میچ میں بھی ہاؤس فل کیا جس میں لاہور کی ٹیم نہیں کھیل رہی تھی۔ رمیز راجہ نے کہا کہ راولپنڈی سمیت پورے پاکستان میں انفراسٹرکچر پر بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔


دریں اثنا رمیز راجہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا فائنل دیکھنے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم پہنچے، جہاں انہوں نے کمنٹری روم میں داخل ہونے سے قبل اسٹیڈیم کا چکر لگایا اور ہاتھ ہلا کر تماشائیوں کا شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں میڈیا سے مختصربات چیت میں رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے آنے کی خوشی ہے، پاکستان کے پاس یہ سیریز جیتنے کا سنہری موقع ہے، انشااللہ یہ سیریز پاکستان ہی جیتے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل سیون کے کامیاب شو کی بہت خوشی اور اس پر سب مبارک باد کے مستحق ہیں، اس ایونٹ کی کامیابی میں سب نے بہت زور لگایا ہے۔
Load Next Story