سابق ملکۂ حسن نے یوکرین کے دفاع کے لیے اسلحہ اٹھا لیا
اداکارہ کی کیف کے جنگ زدہ علاقے میں پوزیشن لی تصویر وائرل ہوگئی
NEW YORK:
یوکرین سے تعلق رکھنے والی سابق ملکۂ حسن روس کے خلاف اور اپنے ملک کے دفاع کے لیے اسلحے کے ساتھ میدان میں آگئیں۔
روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے حکم پر دو روز قبل روسی فضائیہ نے یوکرین کے متنازع علاقے پر بمباری کی اور پھر فوج نے کیف کی جانب پیش قدمی شروع کی۔ روسی فوجیوں کے یوکرین کے دارالحکومت کیف میں داخل ہونے کے بعد یوکرینی صدر میدان میں آئے اور انہوں نے ملک کے دفاع کا اعلان کیا۔
یوکرین کی حکومت نے شہریوں کے ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں گھروں پر رہنے کی ہدایت کی جبکہ یہ بھی کہا ہے کہ جو شخص ملکی دفاع میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتا ہے تو اُسے حکومت اسلحہ فراہم کرے گی۔
مزید پڑھیں: پوٹن کا روسی نیوکلیئر فورسز کو تیار رہنے کا حکم، ایٹمی جنگ کا خدشہ
دو روز قبل یوکرین نے دعویٰ کیا تھا کہ روسی افواج کیف تک پہنچ گئیں ہیں تاہم صدر کے ویڈیو پیغام کے بعد عوام دفاع کے لیے نکلے اور انہوں نے پیوٹن فوج کو پسپائی پر مجبور کیا۔
عوام اور سیاسی رہنماؤں کے ساتھ اب شوبز شخصیات بھی اپنے ملک کے دفاع کے لیے میدان میں آرہی ہیں، اسی تناظر میں 2015 میں مس یوکرین کا ایوارڈ جیتنے والی حسینہ انستاسیا لینا نے بھی انسٹاگرام پر اپنی تصاویر شیئر کیں جن میں وہ کیف کے جنگ سے متاثر ہونے والے علاقے میں جدید اسلحے کے ساتھ پوزیشن لیے کھڑی ہیں۔
سابق ملکۂ حسن کی تصویر پر چاہنے والوں نے کمنٹس کیے اور یوکرین کے دفاع کے لیے کھڑنے ہونے کا اعلان بھی کیا جبکہ متعدد صارفین نے روس کی فوجی پیش قدمی پر سخت تنقید کرتے ہوئے فوری طور پر جنگ روکنے کا مطالبہ کیا۔