لاپتہ افراد کےاغوامیں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی وزارت دفاع کا خط

انٹیلی جنس اداروں پر 8 لاپتا افراد کے اغوا کا الزام ہے جن میں سے 2 کوہلو کے فراری کیمپ میں ہوتے تھے، وزارت دفاع


ویب ڈیسک February 20, 2014
میجرسیف اور میجر منیر نامی 2 اہلکاروں پر لاپتا افراد کے اغوا کا الزام ہے، وزارت دفاع فوٹو: فائل

وزارت دفاع نے بلوچستان بدامنی کیس میں سپریم کورٹ میں پیش کئے گئے اپنے خط میں کہا ہے کہ بلوچستان سے 8 لاپتہ افراد کے اغوا کا الزام انٹیلی جنس ایجنسیوں پر ہے، اہلکار مجرم ثابت ہوئے تو ان کی کسی صورت پشت پناہی نہیں کی جائے گی۔

جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت کر رہا ہے، سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاورنے لاپتہ افراد سے متعلق وزارت دفاع کا خط پڑھ کر سنایا، جس میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس اداروں پر 8 لاپتا افراد کے اغوا کا الزام ہے جن میں سے 2 افراد ڈاکٹر ندیم بلوچ اورعبدالغفار کوہلو کے فراری کیمپ میں ہوتے تھے، میجر سیف اور میجر منیر نامی 2 اہلکاروں پر لاپتا افراد کے اغوا کا الزام ہے، ان دونوں اہلکاروں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی اور اگر یہ مجرم ثابت ہوئے تو ان کی کسی صورت پشت پناہی نہیں کی جائے گی۔

سماعت کے دوران ایڈووکیٹ کامران مرتضیٰ نے عدات سے استدعا کی کہ بلوچستان اور کراچی میں جگہ جگہ لاشیں پھینکی جا رہی ہیں،عدالت عظمیٰ اجتماعی قبروں کا معاملہ بھی دیکھےجس پر جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیئے کہ اجتماعی قبروں کےافراد کا ڈی این اے ٹیسٹ ہونے دیا جائے پھر اسے بھی دیکھا جائے گا، اس موقع پر سربراہ لاپتا افراد تحریک نصر اللہ بلوچ نے عدالت کو بتایا کہ مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والے نوجوان کاؤ خان کو ایک مرتبہ منظر عام پر لایا گیا لیکن وہ اپنے گھر نہیں پہنچا جس پر ڈی ایس پی سی آئی ڈی نے جواب دیا کہ کاو خان مقامی عدالت کے سامنے پیش ہواجس کے بعد اس کا کچھ پتا نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں