کراچی سمیت سندھ بھر میں تعلیمی ادارے کل بند رہیں گے
شب معراج کے پیش نظر صوبے بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں چھٹی ہوگی، سیکریٹری تعلیم سندھ
کراچی:
سندھ حکومت نے شب معراج کی مناسبت سے منگل کو صوبے بھر میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ کے سیکریٹری تعلیم غلام اکبر لغاری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کل منگل یکم مارچ کو شب معراج کے پیش نظر صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں چھٹی ہوگی اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
سیکریٹری تعلیم نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کی طرف سے طے کردہ سالانہ سرکاری چھٹیوں کی منظوری اسٹیئرنگ کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں بھی دی گئی جس کے مطابق کل 27 رجب یکم مارچ کو تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔