سرسید ٹاؤن میں ناگن چورنگی کے قریب ڈاکو نجی بینک سے ڈکیتی کے دوران لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نارتھ کراچی کے علاقے سرسید ٹاؤن میں ناگن چورنگی کے قریب 6 مسلح افراد نجی بینک میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر گارڈز، عملے اور وہاں موجود کھاتے داروں کو یرغمال بنا کر 4 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر با آسانی فرار ہوگئے۔
نجی بینک میں ڈکیتی کے دوران 4 گارڈز موجود تھے تاہم ان کی جانب سے کوئی مزاحمت نہیں کی گئی جس کے باعث ڈاکو ایک منٹ سے بھی کم وقت میں لوٹ مار کرنے کے بعد باآسانی فرار ہوگئے۔ ڈکیتی کے بعد پولیس کی تحقیقاتی ٹیم بینک پہنچ گئی اور تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔