ہڑتال کی کال دینے والے سندھ کے خیرخواہ نہیں شرجیل میمن

بہتر ہے بارش سے متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلیے حکومت کا ہاتھ بٹائیں


Staff Reporter September 12, 2012
بہتر ہے بارش سے متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلیے حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔ فوٹو: ایکسپریس

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہڑتال کی کال دینے والے سندھ کے خیرخواہ نہیں۔

ہڑتال کی کال دینے سے بہتر ہے کہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ امدادی کاموں میں ہاتھ بٹائیں اور آگے آئیں، افسوس کہ اس مشکل گھڑی میں سندھ کے خود ساختہ دعوے دار ریلیف فراہم کرنے کے بجائے ہڑتال کی کال دے رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ماضی میں پچھلے دو سالوں میں سندھ کو بدترین قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑا لیکن عوام کو ریلیف دینے کے لیے صدر آصف علی زرداری نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور آج بھی وزیراعلیٰ سندھ اراکین اسمبلی کے ہمراہ بارش سے متاثرہ تمام علاقوں کا معائنہ کر رہے ہیں اور عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے امدادی کاموں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہڑتالی عناصر نے سندھ کے عوام کی کبھی داد رسی نہیں کی اس کی گواہی ماضی کی دو قدرتی آفات ہیں جن سے سندھ کے عوام متاثر ہوئے، سیاست برائے خدمت کے نکتے کو سمجھنے کے لیے ہڑتال کی کال دینے والے پیپلز پارٹی سے کچھ سیکھیں اور ماضی کے واقعات کا مشاہدہ کریں،ہڑتال سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ عوام کی مدد سے ان کے مسائل حل ہوں گے،ہڑتال پر اکسانے والے اپنے ڈرائنگ روم سے نکل کر عوام کی مدد کریں۔دریں اثناء شرجیل میمن نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے بارشوں سے متاثرہ تمام اضلاع میں کنٹرول روم کا قیام عمل میں لانے اورضلعی انتظامیہ کو تمام ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں کنٹرول روم کو فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |