اسلام آباد غیر قانونی طریقے سے پاکستان آنے والی 12 غیرملکی لڑکیوں کو جیل بھیج دیا گیا

ایف آئی اے کی جانب سے 12 غیر ملکی لڑکیوں کو گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے ایف 10 سے گرفتار کیا گیا تھا۔


ویب ڈیسک February 20, 2014
ایف آئی اے نے غیرملکی لڑکیوں کو گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے ایف ٹین سے گرفتار کیا تھا۔ فوٹو؛ایکسپریس نیوز

سول کورٹ نےغیر قانونی طور پرپاکستان میں داخلے ہونے کے الزام میں گرفتار 12 غیر ملکی لڑکیوں کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوادیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے بے نظیر بھٹو ائیرپورٹ سے غائب ہونیوالی خواتین کا سراغ تونہ لگاسکی، لیکن خانہ پوری کے لئے اسلام آباد کے پوش علاقے میں مبینہ طور پر غیر اخلاقی کاروبارکرنےوالی 12 لڑکیوں کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کردیا۔ غیر ملکی خواتین کو سینئرسول جج عامرعزیز کی عدالت میں پیش کیاگیا۔ ایف آئی اے کی جانب سے درج کیے گئے مقدمے میں انسانی سمگلنگ آرڈینینس اور فارن ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ تمام لڑکیوں پر بغیر ویزا لیے غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخلے اور قیام سمیت غیراخلاقی حرکات میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔

عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے تمام غیر ملکی خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کی استدعا منظورکرلی، تاہم کچھ دیر بعد ہی ان میں سے ایک خاتون کی حالت خراب ہونے پر اسے طبی امداد کیلئے پمزہسپتال منتقل کردیاگیا۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ رات گرفتار کی گئی غیرملکی خواتین سے بھی خاطر خواہ معلومات نہیں مل سکیں۔ گرفتارخواتین نے کہا ہے کہ انہیں ایئر پورٹ سے لاپتہ ہونے والی خواتین سےمتعلق کچھ معلوم نہیں۔ انہیں پاکستان میں شادی اور نوکری کا کہہ کرلایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی جانب سے بغیر امیگریشن 2 غیر ملکی لڑکیوں کو ملک میں داخل کرنے کے واقعے کا وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے نوٹس لیتے ہوئے ملک بھر میں ایف آئی اے کے کرپٹ افسران کی فہرست تیار کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد ایف اے کی جانب سے لڑکیوں کی گرفتاری کےلئے کارروائیاں تیز کردی گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں