سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا سینیٹرز کو بکاؤ مال کہنے پر عمران خان کو طلب کرنے کا فیصلہ

تحریک استحقاق موصول ہونےکے 8 روز میں عمران خان کو طلب کیا جائےگا، چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے استحقاق


ویب ڈیسک February 20, 2014
قانون کے مطابق عمران خان نے ایوان کا استحقاق مجروح کیا ہے، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے استحقاق۔ فوٹو: فائل

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط و استحقاق نے سینیٹرز کو بکاؤ مال کہنے پر تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط و استحقاق کا اجلاس سینیٹر کرنل(ر)طاہر حسین مشہدی کی زیر صدارت ہوا جس میں اراکین کمیٹی، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب اور حکام نے شرکت کی, رکن کمیٹی چوہدری جعفر اقبال گجر نے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی جانب سے سینیٹرز کو بکاؤ مال کہنے پر توجہ مبذول کراتے ہوئے کہاکہ اس بیان سے پورے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا ہے, عمران خان کے بیان کے بعد کوئی بھی شخص ایوان کی توہین کرسکتا ہے، کمیٹی اس اہم نوعیت کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے عمران خان کو طلب کرے جس پرتمام اراکین کمیٹی نے جعفر اقبال گجر کی حمایت کی۔

چیرمین کمیٹی طاہر حسین مشہدی نے کہاکہ عمران خان کی جانب سے دیئے گئے نامناسب بیان پر ایوان میں پیش کی جانے والی تحریک استحقاق چیرمین سینیٹ کی منظوری کے بعد کمیٹی کے پاس پہنچے گی۔ انہوں نے کہاکہ قانون کے مطابق عمران خان نے ایوان کا استحقاق مجروح کیا ہے، تحریک موصول ہونے کے بعد 8 روز کے اندر عمران خان کو اجلاس میں طلب کیا جائےگا اور انہیں اپنے دفاع کا مکمل موقع بھی فراہم کیا جائےگا، ایوان کا استحقاق اور اراکین سینیٹ کے احترام کا تحفظ کمیٹی کی ذمہ داری ہے جسے پورا کیا جائےگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں