کراچی میں کورنگی کراسنگ کے قریب سی این جی رکشہ ندی میں جاگرا 13 افراد زخمی

زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا

قیوم آباد اور کورنگی کراسنگ کے درمیان تیز رفتار رکشتہ اپنے آگے جانے والے رکشے سے ٹکرا کر ندی میں گرا فوٹو؛ایکسپریس نیوز

کورنگی کراسنگ کے قریب تیز رفتار سی این جی رکشہ دوسرے رکشے سے ٹکرا کر ندی میں جاگرا جس کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق کراچی کے علاقے قیوم آباد اور کورنگی کراسنگ کے درمیان تیز رفتار رکشتہ اپنے آگے جانے والے رکشے سے ٹکرا کر ندی میں گرگیا جس کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوگئے جس میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق 2 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔


گزشتہ روز بھی لیاری ایکسپریس وے پر تیز رفتارمنی ٹرک بے قابو ہوکر ندی میں جا گرا تھا جس کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ سال موسلادھار بارش کے باعث تھڈو ڈیم کا بند ٹوٹنے سے کورنگی ندی میں پانی کے بہاؤ میں اضافے سے قیوم آباد اور کورنگی کو ملانے والی سڑک پانی میں بہہ گئی تھی تاہم اب سڑک کی دوبارہ تعمیر اور آنے اور جانے والی سڑک کا تعین نہ ہونے کےباعث مذکورہ سڑک پر ٹریفک حادثات معمول کا حصہ بن چکے ہیں۔
Load Next Story