آسٹریلیا کا یوکرین کو 50 ملین ڈالر مالیت کے اسلحے کی فراہمی کا اعلان

یوکرینی صدر کی اپیل پر میزائل، گولہ بارود اور جنگی سامان فراہم کرنے کا فیصلہ کیا، وزیراعظم اسکاٹ موریسن


ویب ڈیسک March 01, 2022
آسٹریلیا یوکرین کے لیے 35 ملین ڈالر کی امداد بھی دے گا، فوٹو: فائل

NEW YORK: آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کو 50 ملین ڈالر کی مالیت کا مہلک اسلحہ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی وزیراعظم نے یوکرین کو صرف فوجی تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پالیسی کو تبدیل کرتے ہوئے اب اسلحہ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم اسکاٹ موریسن کا کہنا تھا کہ یوکرینی صدر کے اسلحہ فراہمی کی اپیل پر آسٹریلیا یوکرین کو مہلک اسلحہ جیسے میزائل، گولہ بارود اور دیگر ملٹری ہارڈ ویئر فراہم کرے گا۔

آسٹریلوی وزیرِ اعظم اسکاٹ موریسن نے کہا کہ جلد ہی یہ اسلحہ یوکرین پہنچ جائے گا تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ کس طرح اور کس راستے اسلحہ پہنچایا جائے گا اور نہ ہی ٹائم فریم بتایا ہے۔

آسٹریلیا نے یوکرین میں انسانیت کے لیے کام کرنے والی تںظیموں کو 35 ملین آسٹریلوی ڈالر کی امداد دینے کا بھی وعدہ کیا ہے جس سے یوکرین کے پناہ گزینوں کے لیے کیمپ، خوراک اور دیگر اشیا کا انتظام کیا جائے گا۔

آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے اپنے شہریوں کو یوکرین کا سفر کرنے سے روک دیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں