یورپی یونین ثابت کرے کہ وہ ہمارے ساتھ کھڑی ہے یوکرینی صدر

تقریباً سارے ہی بڑے شہروں کو بلاک کردیا گیا لیکن ہم ہار نہیں مانیں گے، یورپی یونین کی پارلیمنٹ سے ورچوئل خطاب


ویب ڈیسک March 01, 2022
یوکرین کے صدر پارلیمنٹ سے ورچوئل خطاب کیا، فوٹو: رائٹرز

لاہور: یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے پارلیمنٹ سے ورچوئل خطاب میں کہا کہ یورپی یونین اپنے عمل سے ثابت کرے کہ وہ ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کی پارلیمنٹ کے ہنگامی اجلاس سے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ورچوئل خطاب کیا۔ پُرعزم اور جذباتی خطاب کے بعد اراکین نے کھڑے ہوکر صدر زیلنسکی کو خراج تحسین پیش کیا۔

ورچوئل خطاب میں صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ اس وقت روسی افواج نے تقریباً تمام ہی بڑے شہر بلاک کردیئے ہیں۔ اس کے باوجود ہم اپنی زمین اور آزادی کے لیے لڑتے رہیں گے۔



یوکرین کے صدر نے مزید کہا کہ کوئی بھی طاقت ہمیں توڑ نہیں سکتی، ہم مضبوط ہیں کیوں کہ ہم یوکرینی ہیں۔ ہم اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے تھے اور اب اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

صدر ویلادیمیر زیلنسکی نے نیٹو اور مغربی ممالک سے شکوہ کیا کہ ہمیں جنگ کے لیے تنہا چھوڑ دیا گیا ہے۔ یورپی یونین کو بھی ثابت کرنا ہوگا کہ وہ ہمارے ساتھ کھڑی ہے یا نہیں۔

یاد رہے کہ صدر ولادیمیر زیلنسکی نے محفوظ مقام پر منتقلی کی امریکی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے چند روز قبل کہا تھا کہ ہمیں جنگ کے لیے اسلحہ چاہیئے انخلا کے لیے گاڑی نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔