یوکرینی عوام کے تحفظ کیلئے گوگل نے میپ کا اہم فیچر بند کردیا

گوگل نے روسی فوج کا یوکرینی شہریوں کو میپ کے ذریعے ٹریک کرکے نشانہ بنانے کا راستہ بند کردیا


ویب ڈیسک March 01, 2022
یوکرینی شہریوں کے تحفظ کیلئے گوگل نے یہ اقدام اٹھایا (فوٹو، انٹرنیٹ)

انٹرنیٹ کی سب سے بڑی کمپنی 'گوگل' نے یوکرینی عوام کی روس سے حفاظت کے لیے گوگل میپ کا اہم فیچر بند کردیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گوگل میپ میں سڑکوں اور ٹریفک کی تازہ صورت حال سے آگاہ کرنے والا فیچر اب یوکرین میں کارآمد نہیں رہا، اس اقدام کا مقصد یوکرینی عوام کو روسی حملوں سے بچانا ہے تاکہ روس مصروف ترین شاہراہ یا عوام کا جم غفیر میپ کی مدد سے ٹریک کرکے حملہ نہ کرسکے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دنیا کے کسی کونے میں بیٹھ کر کوئی بھی شخص اب یوکرین کے عوامی مقامات کی تازہ صورت حال نہیں جان سکے گا، گوگل نے روسی افواج کا یوکرینی شہریوں کو میپ کے ذریعے ٹریک کرکے نشانہ بنانے کا راستہ بھی بند کردیا۔

گوگل میپ سے یوکرین کے مختلف مقامات کی تازہ معلومات حاصل کرنے کا فیچر بند ہوچکا ہے۔ میپ میں مذکورہ فیچر دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔ اس سے شہریوں کا ناصرف وقت بچتا ہے بلکہ وہ ٹریفک میں پھنسے کی پریشانی سے بھی دور رہتے ہیں۔ میپ کی اس سہولت سے لاکھوں صارفین مستفید ہورہے ہیں۔

روس کے یوکرین پر حملے کے بعد امریکی خبررساں ادارے واشنگٹن پوسٹ نے گوگل میپ کی نقل وحمل کا ڈیٹا ٹریک کیے جانے کا انکشاف کیا تھا۔ بعد ازاں خدشات کے پیش نظر گوگل نے میپ کا مذکورہ فیچر بند کیا۔

خیال رہے کہ یوکرین پر روسی حملے کے بعد جہاں دنیا بھر میں پابندیاں عائد کی جارہی ہیں وہیں فیس بک، گوگل اور ٹوئٹر نے بھی روس کے لیے اپنے اشتہارات محدود کردیے ہیں۔ یوٹیوب کی جانب سے بھی پابندی کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔