سری لنکا نے دوسرے ایک روزہ میچ میں میزبان بنگلادیش کو 61 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔
میرپور کے شیربنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 3 ایک روزہ میچز سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 289 رنز بنائے، کمارسنگاکارا کے شاندار 128 رنز نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، کپتان انجیلو میتھیوز 56 اور ایشان پرینجان 60 رنزبناکر نمایاں رہے، بنگلادیش کی جانب سے روبل حسین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
290 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کا آغاز مایوس کن رہا اور دوسرے اوور میں شمس الرحمان بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے،کپتان مشفق الرحیم نے 79 ،مومن الحق 15، انعام الحق 42، شکیب الحسن 24 اور ناصر حسین 22 رنز بنا سکے، اس طرح پوری ٹیم 43 ویں اوورز میں 228 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے لیستھ ملنگا، تھسارا پریرا، اجندا مینڈس اور سیچترا سینانایاکے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں،اپنی شاندار بیٹنگ کے باعث سری لنکا کے کمار سنگاکارا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔