وزیراعظم کی چوہدری برادران سے ملاقات میں تحریک عدم اعتماد پر بات ہی نہیں ہوئی طارق بشیر

طارق بشیر نے کہا حکومت کی جانب سے تحریک عدم پر ہم سے کوئی بات ہی نہیں کی گئی تو کیسے حمایت کا اعلان کرتے؟

وفاقی وزیر کا اہم انکشاف (فوٹو، فائل)

QUETTA:
وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ق کے سیکریٹری جنرل طارق بشیر چیمہ نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور چوہدری برادران کی ملاقات میں تحریک عدم اعتماد پر کوئی بات ہوئی اور نہ ہی حمایت کا کوئی بیان دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور چوہدری برادران کی ملاقات میں عدم اعتماد ممکنہ زیر بحث آنے کے معاملے پر وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے انکشاف کیا کہ وزیراعظم کی سربراہی میں حکومتی وفد سے تحریک عدم اعتماد پر کوئی بات ہی نہیں ہوئی اور نہ عدم اعتماد پر حکومت کی حمایت کا کوئی بیان نہیں دیا۔


انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تحریک عدم پر ہم سے کوئی بات ہی نہیں کی گئی تو ہم کیسے حمایت کا اعلان کرتے البتہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات میں اپوزیشن کی مزاحمت بارے گفتگو ضرور ہوئی، وزیراعظم عمران خان نے ذکر کیا کہ اپوزیشن آج کل آپ کے گھر کے چکر لگا رہی ہے۔

سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ق طارق بشیر چیمہ نے مزید کہا کہ ہم نے ابھی تک تحریک عدم اعتماد پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، ابھی ملاقاتوں اور مشاورت کا عمل جاری ہے، ابھی تک اپوزیشن کی حمایت یا حکومت کی مخالفت کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
Load Next Story