عالمی پابندیوں کے باوجود بھارت کو ایس 400 میزائل سسٹم فراہم کریں گے روس
اقوام متحدہ میں یوکرین تنازع پر متوازن پوزیشن اپنانے پر روس نے بھارت کا شکریہ ادا کیا
روس نے کہا ہے کہ عالمی پابندیوں کے باوجود اُسے بھارت کو ایس-400 میزائل سسٹم فراہم کرنے میں کوئی دشواری کا سامنا نہیں۔
بھارت میں روسی وفد ڈینس الیپوو نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فی الحال بھارت کو فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے میں کوئی مشکلات نظر نہیں آتیں۔ ایسے راستے ہیں جہاں سے بھارت کو میزائل سسٹم بغیر کسی رکاوٹ کے مہیا کردیے جائیں گے۔
وفد کا یہ بھی کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں بھارت کے متوازن پوزیشن اپنانے پر روس بھارت کا مشکور ہے کہ وہ یوکرین تنازع کی اصل حقیقت سے واقف ہے۔
یوکرین میں پھنسے بھارتی طلبا کے حوالے سے ڈینس الیپوو نے کہا کہ روس طلبا کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کیلئے کافی کام کررہا ہے۔ روس خارکیف اور سومی سمیت دیگر جنگ زدہ علاقوں میں طلبا کی حفاظت سے متعلق بھارت سے مسلسل رابطے میں ہے۔
واضح رہے کہ 2018 میں بھارت نے 5.5 ارب ڈالرز کے بدلے روس سے ایس-400 فضائی دفاعی نظام خریدنے کا معاہدہ کیا تھا جس پر بھارت کے امریکی پابندیوں سے متاثر ہونے کا خدشہ تھا تاہم امریکا نے اب تک کوئی پابندی عائد نہیں کی ہے۔