پاکستان اپنے پڑوسی ممالک سے پرامن اور قریبی تعلقات چاہتا ہے آرمی چیف

جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایران کی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئر حامد واحدی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسائیوں سے پرامن اور قریبی تعلقات چاہتا ہے—فائل فوٹو

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی فضائیہ کے سربراہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، تعاون اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایران کی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل پائلٹ حامد واحدی نے راولپنڈی میں جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسائیوں سے پرامن اور قریبی تعلقات چاہتا ہے۔

علاوہ ازیں جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا جبکہ دونوں جانب سے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔


ایرانی فضائیہ کے کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار اور بارڈر مینجمنٹ کے موثر اقدامات کو بھی سراہا۔

 

 
Load Next Story