حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کیلیے نمبر گیم مکمل ہے اپوزیشن کا دعویٰ

اپوزیشن کی قائم 9 رکنی کمیٹی نے جلد از جلد حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے ریکوزیشن جمع کرانے کی سفارش کردی

قومی اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن 48 گھنٹوں میں جمع کرانے پر غور کیا جا رہا ہے (فوٹو، فائل)

ISLAMABAD:
اپوزیشن کی 9 رکنی کمیٹی نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ریکوزیشن جمع کرانے کی تیاریاں مکمل کرلیں۔

ایکسپریس نیوز کو ذرایع سے ملنے والی خبر کے مطابق اپوزیشن کی قائم 9 رکنی کمیٹی نے تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے ریکوزیشن جمع کرانے کی سفارش کردی، اپوزیشن نے نمبر گیم پورا ہونے کا بھی دعویٰ کردیا ہے۔


ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن48 گھنٹوں میں جمع کرانے پر غور کیا جا رہا ہے، اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ نمبر گیم پوری ہے جلد از جلد تحریک عدم اعتماد لائی جائے، تینوں جماعتوں نے حکومتی ارکان کے ساتھ پیش رفت کمیٹی کے سامنے رکھی۔ ایاز صادق، سعد رفیق، رانا ثنااللہ نے اپوزیشن کمیٹی میں ن لیگ کی نمائندگی کی۔

کمیٹی میں یوسف رضا گیلانی، پرویز اشرف اور نوید قمر پیپلز پارٹی کے نمائندے کے طور پر شریک ہوئے۔

مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگلے دو سے تین دن بہت اہم ہیں، تحریک عدم اعتماد اور اجلاس کی ریکوزیشن دونوں پر غور ہورہا ہے، ہماری لیگل ٹیم رابطے میں ہے، سارے امور کو دیکھ رہے ہیں، اپوزیشن کی لیڈرشپ سے بھی بات چیت ہورہی ہے، ہم حکومتی اتحادیوں سے بھی رابطے میں ہیں۔
Load Next Story