رواں مالی سال کے دوران تجارتی خسارہ 32 ارب ڈالر رہا

 رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ میں درآمدات 55 فیصد اضافے کیساتھ 52.5 ارب ڈالر رہیں


Shahbaz Rana March 03, 2022
جولائی تا فروری کے دوران برآمدات 26 فیصد اضافے کیساتھ 20.5 ارب ڈالر ہوگئیں (فوٹو، فائل)

رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 32 ارب ڈالر رہا۔

پاکستان بیورو آف اسٹیٹیکس کے گزشتہ روز جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا فروری تجارتی خسارہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 82 فیصد یا 14.4 ڈالر زائد رہا۔

وفاقی حکومت نے تجارتی خسارے کا سالانہ ہدف 28.4 ارب ڈالر مقرر کیا تھا جو 7مہینوں ہی میں پورا ہوگیا۔ اس عرصے کے دوران درآمدات 55 فیصد اضافے کے ساتھ 52.5 ارب ڈالر رہیں۔

جولائی تا فروری کے دوران برآمدات میں 26 فیصد اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 20.5 ارب ڈالر ہوگئیں۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں برآمدات کا حجم 16.3 ارب ڈالر رہا تھا۔

زیرتبصرہ مدت کے دوران برآمدات کا حجم 26.3 ارب ڈالر کے سالانہ ہدف کے 78 فیصد کے مساوی ہے، جس کا مطلب ہے کہ برآمدات کا سالانہ ہدف بآسانی حاصل ہوجائے گا۔

وزارت تجارت نے اب تخمینہ لگایا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام پر برآمدات 31 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ سکتی ہیں۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق فروری میں درآمدات کا حجم 5.9 ارب ڈالر رہا جو گذشتہ برس کے اسی ماہ کے مقابلے میں 28.3 فیصد یا 1.3 ارب ڈالر زیادہ ہے۔ اسی طرح فروری میں 2.8 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئیں جو گذشتہ سال کی زیرتبصرہ مدت سے 36 فیصد یا 74 کروڑ ڈالر زائد ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں