پاکستان کے خلاف سب سے بڑی سازش کا نام آصف زرداری ہے علی زیدی

تحریک انصاف کا سندھ حقوق مارچ ٹنڈو محمد خان سے ٹنڈوالہیار روانہ ہوگیا۔

وفاقی وزیر (فوٹو: فائل)

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سب سے بڑی سازش کا نام آصف زرداری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا 'سندھ حقوق مارچ' ٹنڈو محمد خان پہنچ گیا، جہاں وفاقی وزیر علی زیدی اور شاہ محمود قریشی نے شرکا سے خطاب کیا۔

علی زیدی نے کہا کہ پیپلزپارٹی لانگ مارچ نہیں رونگ مارچ کررہی ہے، پیپلز پارٹی والے سندھ کو 15سال سے کھا رہے ہیں ،سندھ کے لٹیروں کو بلا 2023 میں بھگا دے گا، بلاول بھٹو نہ تیتر ہے نہ بٹیر ہے، یہ بھی ملک کو کھا رہا ہے۔


انہوں نے کہا کہ ہم کسی کوایک پتھر بھی نہیں ماریں گے لیکن آصف علی زرداری ایک بات یاد رکھیں کہ ہماری شرافت اورمظلومیت کو کمزوری سمجھنے کی کبھی غلطی نہ کریں، اگر کچھ ہوا تو پھر اس کی ذمہ دار پیپلزپارٹی ہی ہوگی۔ علی زیدی کا کہنا تھا کہ ہم نے مارچ کے دوران کسی کے جھنڈے نہیں اتارے، ہم سیاسی اور امن پسند لوگ ہیں جو تشدد پریقین نہیں رکھتے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا وزیراعلیٰ تو بڑے منشی کا کام ہی کر رہا ہے، چیف منشی وزیراعلیٰ ہاؤس میں بیٹھ کر سارے کام کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ہم پرسوں کراچی پہنچیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ متحد و یکجا ہوگا تو تیر ٹوٹ جائے گا، تیر نے بہت سے ارمانوں کو زخمی کردیا ہے، آپ لوگ متحد رہیں اور 2023 کا انتظار کریں کیونکہ آئندہ الیکشن میں تاریکی مٹ جائے گی اور سندھ میں ایک نیا اجالا آئے گا۔

تحریک انصاف کا سندھ حقوق مارچ ٹنڈو محمد خان سے ٹنڈوالہیار روانہ ہوگیا۔
Load Next Story