فضل الرحمان کا آصف زرداری اور نواز شریف سے رابطہ تحریک عدم اعتماد پر نمبر گیم پراظہارِاطمینان

جے یو آئی کے کارکنان لاہور میں پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ کا استقبال کریں گے، مولانا کی زرداری کو یقین دہانی


ویب ڈیسک March 05, 2022
مولانا فضل الرحمن نے دونوں رہنماؤں سے الگ الگ ٹیلی فونک گفتگو کی—فائل فوٹو

حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور جمعیت علما اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے مابین ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر مشاورت ہوئی اور نمبر گیم پورے ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔۔

جے یوآئی کے ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے دونوں رہنماؤں سے الگ الگ ہونیوالی ٹیلی فونک گفتگو میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کے حوالے سے مطلوبہ نمبر گیم پر اطمینان کا اظہارکیا۔

رہنماوں کے مابین وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے پلان کو عملی جامہ پہنانے کے علاوہ ملکی اور قومی امور پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو اپوزیشن کی پیش قدمی کے بارے تفصلات سے آگاہ کیا اور دونوں رہنماوں نے موجودہ حکومت سے جلد از جلد قوم کو نجات دلانے پر اظہار اتفاق کیا۔

جے یو آئی کے سربراہ اور سابق صدر آصف علی زرداری کے مابین تحریک عدم اعتماد کے لیے ممکنہ تاریخ کے تعین پر بھی مشاورت ہوئی جبکہ حکومتی اتحادی جماعتوں سے رابطوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے آصف علی زرداری سے آصفہ بھٹو کی خیریت دریافت کی اوران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ جے یوآئی کے کارکن لاہور میں پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ کا استقبال کریں گے جس پرآصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں