شفقت محمود نے خود اقرار کرلیا کہ اراکین ساتھ چھوڑ رہے ہیں شازیہ مری
فواد چوہدری اور شفقت محمود سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کے عادی ہیں، ترجمان پی پی پی
کراچی:
پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ شفقت محمود نے خود ہی اراکین کا ساتھ چھوڑ جانے کا اقرار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شازیہ مری کا کہنا تھا کہ عوامی مارچ کامیاب ہوچکا اب عدم اعتماد کی تحریک بھی کامیاب ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ شفقت محمود نے اقرار کر ہی لیا کہ ان کے ممبران انہیں چھوڑ رہے ہیں اور ہارس ٹریڈنگ سے وجود میں آنے والی پارٹی تحلیل ہو رہی ہے۔ شازیہ مری کا کہنا تھاکہ صدر آصف علی زرداری جمہوریت اور آئین کے نگہبان ہیں، پیپلزپارٹی کے جیالوں کو اپنے قائد آصف علی زرداری پر فخر ہے۔
پی پی پی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزرا آخری دہہاڑی لگانے کیلئے عدم اعتماد کی تحریک کے منتظر ہیں جبکہ شفقت محمود اور فواد چوہدری سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کے عادی ہیں۔