اقتصادی و سیکیورٹی تعاون کے فروغ کیلیے ملکر کام کریں گے پاک چین اعلامیہ

چین پاکستان کی خودمختاری،آزادی اورسالمیت برقرار رکھنے کیلیے کوششوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، وزیراعظم لی کی چیانگ


آن لائن/APP February 21, 2014
بیجنگ: چینی وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کے موقع پر صدر پاکستان ممنون حسین مصافحہ کررہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

چین نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی طرف سے اپنی خود مختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت برقرار رکھنے کیلیے کوششوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، چین کی بنیادی مفادات سے متعلق ایشوز پر پاکستان کی مسلسل اور پختہ حمایت قابل تحسین ہے۔

صدرممنون حسین کے چین کے سرکاری دورے کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ چین دہشتگردی کی عالمی لعنت کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ صدر ممنون نے ون چائنا پالیسی کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان مشرقی ترکمانستان اسلامک موومنٹ کو ایک دہشتگرد تنظیم سمجھتا ہے جو چین اور پاکستان کے امن واستحکام کیلیے ایک مشترکہ خطرہ ہے، فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اسٹرٹیجک اور تعاون پر مبنی تعلقات مضبوط بنانے، اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون کو وسعت دینے کیلیے ملکر کام کیا جائے گا، دونوں فریق 5 سالہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ان منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔

زراعت، صحت، تعلیم اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا، دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں عملی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا، فریقین نے رواں سال پاکستان میں مزید کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا، دونوں ممالک نے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کو بھی فروغ دینے اور علاقائی اور بین الاقوامی فورم پر مشترکہ موقف اختیار کرنے پر بھی اتفاق کیا اور اسلحے پر کثیر الجہتی کنٹرول اور ہتھیاروں کے عدم پھیلائو کی کوششوں کے حوالے سے بھی اپنا عزم دہرایا، دونوں ممالک نے افغانستان میں افغانوں کی زیر قیادت مفاہمتی عمل کیلیے اپنی حمایت جاری رکھنے اور افغانستان میں امن و استحکام کیلیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں