عورت حقوق کی باگ ڈور

سماجی شعورکے اس پورے بگاڑکی کمزوری ملک میں اجتماعی طورسے عورت کی تنظیم کاری کا سیاسی اورنظریاتی طور پرمنظم نہ ہونا ہے


وارث رضا March 06, 2022
[email protected]

سوچتا ہوں وہ مہان ، کم پڑھے لکھے سماج کے احساس مند والدین کہاں ہیں جو صبح کی تازگی کو سلامت رکھنے اور پھول بننے کے مرحلے میں کھلتی کلی کو توڑنے سے منع کرتے تھے، پھول کی حفاظت میں اس کے مرجھانے پرگھنٹوں افسردہ رہا کرتے تھے۔

شام ڈھلے پودوں کے تحفظ اور آرام کی خاطر ان کے قریب جانے سے روکتے تھے، اپنے چمن میں کھلتے ہر پھول کو سینچنے میں ان کی کھاد کا انتظام کیا کرتے تھے ، چمن کی تازگی اور برقراری میں زمین ہموارکرنے میں شرابور ہو جایا کرتے تھے۔ اپنی جنم کلی کی پائل لانے اور اس کی چھن چھن جھنکار میں گم ہو جانے کو عبادت سمجھا کرتے تھے، ان کی صبح ہی کلی کی حفاظت سے طلوع ہوتی تھی اور اندھیارے میں اپنی کلیوں کے لیے روشنی کے بندوبست میں ہلکان ہوجایا کرتے تھے۔

اس بظاہر تعلیم یافتہ اور بزعم جدید سماج سے نجانے وہ ماں باپ کہاں گم ہو چکے ہیں جو اپنی بیٹیوں کے '' بر'' سے زیادہ ان کی تعلیم اور تربیت کے لیے متفکر رہا کرتے تھے ۔ بیٹیوں کے ناز نخروں کو اپنا ایمان ایقان اور سکون کا ذریعہ سمجھا کرتے تھے۔

ان کے سکھ میں اپنی آنکھوں کی تھکن کو بھول کر ترو تازہ ہونے کا عندیہ دیا کرتے تھے، اپنی بیٹیوں کی آزادی پر سماج کی فرسودہ روایتوں پر اپنے پرکھوں کی ناراضگی بھی مول لے لیا کرتے تھے، بس ان مہان اور شعور سے لیس والدین کو اپنی بیٹیوں کی طاقت پر یقین تھا اور اسی خاطر وہ جنس کی تفریق سے ماورا بیٹیوں کے اعتماد کا نشان ہوا کرتے تھے، اپنی بیٹیوں کے خوف کی دہلیز پارکرنے میں ان کے ہم رکاب ہوا کرتے تھے، ان کی سماجی اور سیاسی تربیت میں ان کے حوصلوں کو جلا بخشتے تھے ، انھیں بیٹیوں کے مضبوط ارادے امید سحر کی نوید کا پیغام دیا کرتے ، وہ بیٹیوں کے کھلکھلانے مست رہنے اور ان کی آزاد منشی کو زندگی سمجھا کرتے تھے، بیٹیوں کے لیے '' زیب النسا '' اور ''حور'' پڑھنے کا انتظام کیا کرتے تھے۔

ان کے شعورکو صیقل کرنے میں تن من دھن وار دیا کرتے تھے ، میلوں ٹھیلوں میں لے جا کر بیٹیوں کے سماجی شعور میں اجتماعی مفادات کی سوچ پیدا کیا کرتے تھے، کٹھناؤں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہم جولیوں کی منڈلیاں سجانے کا اہتمام کیا کرتے تھے، بیٹیوں میں سماجی اور سیاسی حقوق کی جوت جگایا کرتے تھے، انھیں یقین تھا کہ ان کی بیٹیوں کا سیاسی اور سماجی شعور ہی ایک طاقتور سماج کی تشکیل کا سبب ہوگا۔

یہ کمال ارادوں کے وہ والدین تھے جو سماج کی تہذیب ، شائستگی کو سماجی رواداری اور اس کی ترقی میں ''نظریاتی سیاست'' کے انسان دوست نکتہ نظرکی آبیاری کو اپنی نسل میں منتقل کرنے کے لیے بیقرار رہا کرتے تھے، وہ ہر انسانی المیے اور انسانی تفریق کو نظریاتی سیاست سے تبدیل کرنا چاہتے تھے، یہ ڈاکٹر سرور اور ڈاکٹر ادیب رضوی ایسے وہ لوگ تھے جنہوں نے اپنی بہن بیٹیوں کو ساتھ رکھ کر سب کے لیے مفت تعلیم عام کرنے کی جدوجہد 1953 میں کی اور تمام طبقات کی تعلیم کے لیے کالج اور یونیورسٹیوں کا جال قائم کرنے کے لیے ریاست کو مجبورکیا اور سماج میں ''عورت حقوق'' کے سیاسی حق اور جدوجہد کے لیے کامریڈ عزیز سلام بخاری کی سیاسی شریک حیات رچنا دیوی کو متحرک کیا، جن کی سیاسی جدوجہد کو طاہرہ مظہر علی نے ایلس فیض، ہاجرہ مسعود ،امت الرحمن ،خدیجہ عمر،نسیم شمیم اشرف ، تنویر اعزاز ، نسیم تجمل حمیدہ گل،ڈاکٹر بلقیس ، منیزہ انعام ، حمزہ واحد اور بیگم نسیم ولی خان کی مدد سے ملکی خواتین کے سماجی و سیاسی حقوق کے لیے '' انجمن جمہوریت پسند خواتین '' میں جوڑا اور عورتوں کے حقوق کی جدوجہد کی بنیاد اس زمانے میں رکھی جب وسائل اور ابلاغ کے ذرایع آج کے مقابلے میں کچھ نہ بھی تھے۔

رچنا دیوی سے لے کر عورت حقوق کی اس تحریک میں آپا ممتاز، زارا دائودی ، سعیدہ گذدر ، شمیم سیف خالد، سکھاں جام ، لالہ رخ ، آپا خورشید ، رعنا رضوی ، غزالہ رضوی اور آصفہ رضوی کے شاندار کردار اور جدوجہد بھلا کس طرح بھلائی جا سکتی ہے، یہ کمیونسٹ نظریے کا خواتین کی سیاسی بیداری کا وہ روشن خیال نظریہ تھا کہ جس نے غیر جمہوری جبر اور ریاستی تشدد میں بھی عورتوں کی سیاسی اور سماجی آزادی پر کبھی سمجھوتہ نہ کیا اور اسی طرح '' انجمن جمہوریت پسند خواتین'' کی جانثار ساتھیوں نے سرمائے کی چمک کو ٹھکرا کر خواتین کے نظریاتی شعور کو بلند رکھا۔

آج بھی اسی نظریاتی سیاسی اساس کی تربیت یافتہ خواتین سمیرا خلیق ، اقبال اختر ، افشاں صبوحی، حمیدہ گھانگرو، شکیلہ صفت پیرزادو ، بلقیس عزیز، زبیدہ گھانگرو، شاہینہ رمضان ، عابدہ منصور اور کلثوم جمال سرمایہ داروں کی دم چھلہ این جی اوز کے مفاد پرستانہ کردار اور رویے کے مقابل عورت دشمن اور تنگ نظر سماج میں عورت حقوق کی سیاسی اور نظریاتی جدوجہد میں اپنے نظریاتی آدرش لیے مصروف عمل ہیں اور عورت حقوق کو این جی اوز کی چادر میں لپٹے ہوئے سرمایہ دارانہ مفاد پرست اور عورت دشمن نکتہ نظر سے بچانا چاہتی ہیں۔

سوال یہ ہے کہ عورت حقوق اور ان کے سماجی کردار کی یہ جدوجہد کیوں سمٹ کر صرف 8 مارچ کے دن یا مظاہروں تک رہ گئی ہے جب کہ اس فرسودہ اور ریاستی جبر کے پدر شاہی سوچ کے سماج میں تو خواتین حقوق کی یہ جدوجہد ہر لمحے ہر گھر اور سماج کی تمام عورت مظالم کی مسلسل سیاسی و نظریاتی جدوجہد ہونی چاہیے۔ آج کے اس وسائل سے بھرپور جدید سماج میں عورت حقوق کی نظریاتی سوچ رکھنے والی رچنا دیوی، طاہرہ مظہر علی اور ایلس فیض بننے کی طرف جانے سے نوجوان نسل کو کیوں روکا جا رہا ہے،کہیں ایسا تو نہیں کہ ایک دن کے وقتی عورت حقوق کے یہ مظاہرے عالمی طور سے تنگ نظر اور غیر جمہوری ریاست کے اظہار کی آزادی کا نام نہاد جمہوری چہرہ دکھانے کے سہولت کار بن رہے ہوں؟

اس سوال کی باز گشت اس وقت زیادہ شدت سے محسوس ہوتی ہے جب عورت حقوق کے ایک دن کے بڑے بڑے مظاہرے اور سیمینار ہونے کے باوجود یہ سماج پہلے کے مقابلے میں عورت کے ظلم و ستم پر انتہائی ڈھٹائی اور فرسودہ سوچ کے ساتھ کھڑا ان تمام سرمایہ دارانہ این جی اوز مفادات کے مظاہروں کا منہ چڑا رہا ہوتا ہے۔

جب پدر شاہی سماج کے مکروہ کردار کبھی مذہب اور کبھی فرسودہ روایتوں کا سہارا لے کرخواتین کی آبرو ریزی،گھریلو تشدد یا طالبات کی ہاسٹل میں خود کشی کے نام پر قتل کر رہے ہوتے ہیں اور سرمایہ داروں کے دم چھلہ ادارے اور این جی اوز چند گھنٹوں کے مظاہرے اور پلے کارڈ پر عورت حقوق پر اپنے وقتی غصے کا اظہار کر کے سماج میں عورت حقوق سے ایک سال تک کی خاموشی اختیار کر لیتے ہیں تو پھر دوبارہ سماج کے فرسودہ چہرے ہر گھر گلی ، محلے میں کبھی زینب کبھی نمرتا اور کبھی مقدم کا قتل کرکے عورت کے سیاسی اور سماجی شعور کو چیلنج کرتے ہیں اور سرمایہ دارانہ مفادات کی این جی اوز کو ان کی کمزوری کا احساس دلاتے رہتے ہیں۔

سماجی شعور کے اس پورے بگاڑ کی کمزوری ملک میں اجتماعی طور سے عورت کی تنظیم کاری کا سیاسی اور نظریاتی طور پر منظم نہ ہونا ہے، لہٰذا اب بھی وقت ہے کہ سرمایہ دارانہ مفادات سے لبریز این جی اوز کی جگہ انجمن جمہوریت پسند خواتین اور سندھیانی تحریک کی طرز پر خواتین کو سیاسی طور سے جوڑا جائے کیونکہ عورت حقوق کی حاصلات سیاسی نظام میں عورت کی نظریاتی پختگی اور شرکت کے بغیر ممکن نہیں۔آخرکار ہم ساحر لدھیانوی کے لہجے میں یہ کب تک کہتے رہیں گے کہ!

یہ کوچے یہ نیلام گھر دل کشی کے
یہ لٹتے ہوئے کارواں زندگی کے

کہاں ہیں کہاں ہیں محافظ خودی کے
مدد چاہتی ہے یہ حوا کی بیٹی

یشودھا کی ہم جنس رادھا کی بیٹی
پیمبر کی امت زلیخا کی بیٹی

ثنا خوان تقدیس مشرق کہاں ہیں

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |