قائداعظم کا رویہ جدید آدمی کا رویہ تھا افتخار عارف

کسی سیاستدان میں جناح کے افکار سمجھنے کی صلاحیت نہیں،اکبر احمد،لائیوود طلعت میں گفتگو


Monitoring Desk September 12, 2012
کسی سیاستدان میں جناح کے افکار سمجھنے کی صلاحیت نہیں،اکبر احمد،لائیوود طلعت میں گفتگو، فوٹو : فائل

لاہور: شاعرو محقق افتخار عارف نے کہا ہے کہ قائد اعظم کا رویہ ایک جدید آدمی کا رویہ تھا۔

وہ کوٹ پینٹ پہنتے، ٹائی لگاتے اور انگریزی بولتے تھے لیکن سب یہ جانتے تھے کہ یہ جو کہہ رہا ہے وہ سچ ہے اور مسلمانوں کے حق میں بہتر ہے، اس وقت لوگ کسی عالم کے پیچھے اتنا نہیں جاتے تھے جتنا قائد اعظم کے پیچھے جاتے تھے، اس وقت کوئی میڈیا بھی نہیں تھا اور نہ کوئی ترجمان تھا۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام لائیو ود طلعت میں اینکر پرسن طلعت حسین سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ قائد اعظم مستقبل میں پاکستان کو ایک بڑی مملکت بنانا چاہتے تھے جس میں اقلیتوں کو تمام مراعات حاصل ہوں، قائد ایک لبرل سوچ کے مالک تھے، مسلم ہسٹری میں اس طرح کا صاحب نظر صاحب کردار لیڈر نہیں ہوا۔

میڈیا نے ان لوگوں کو سلیبرٹی بنا دیا ہے جن کا علم ودانش اورادب کردار کی پختگی سے کوئی تعلق ہی نہیں۔ لاہوریونیورسٹی آف مینجمنٹ کے وائس چانسلر ڈاکٹرعادل نجم نے کہا کہ موجودہ دور میں اگر کسی لیڈر کا ویژن ہوتاتو انٹرویو کی ضرورت ہی نہیں رہتی، اگر قائد اعظم موجودہ دور میں ہوتے تو شائد ان کو کسی ٹی وی شو میں بھی نہ بلایا جاتا کیونکہ انہوں نے اونچی آواز میں شور کرکے بات نہیں کرنی تھی، جناح کا ویژن اور پیغام ہم بھول چکے ہیں ہم نے جناح کو جس انداز میں نئی نسل میں متعارف کرایا اس انداز نے ان کو بورنگ بنادیا ہے۔

ٹی وی اینکر ڈاکٹر معید پیرزادہ نے کہاکہ موجودہ پاکستان میں قائد اعظم کے افکاراور ویژن کہیں بھی نظر نہیں آتا، وہ برطانوی طرز کی مملکت چاہتے تھے جس میں دیگر مذاہب کے لوگ بھی آزادی سے زندگی گزارتے ہیں ،لیڈر وہی ہوتا ہے جو حال ماضی مستقبل کو مد نظر رکھ کر راستہ نکالتاہے اور موجودہ پاکستان کو ایسے ہی کسی ویژن والے لیڈر کی ضرورت ہے۔ مصنف پروفیسراکبر احمد نے کہاکہ قائداعظم کا ویژن نئی نسل میں پھیلانا ہوگا، اگر ہم نے نوجوان نسل کوقائد اعظم کے ویژن سے آگاہ نہ کیا تو ملک کا بہت زیادہ نقصان ہوگا۔

ان کے ویژن کی مثال یہ ہے کہ انہوں نے ایک طرف بلوچستان اور دوسری طرف قبائل کو اس بات پر قائل کیا کہ ان کا مستقبل پاکستان میں محفوظ ہوگا اور آج کے پاکستان میں ان دونوں علاقوں سے مسائل پیدا ہورہے ہیں، قائد کے ویژن سے موجودہ سیاستدانوں کا تعلق تو بہت دور کوئی سیاستدان قائداعظم کے افکار کو سمجھنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں